عصری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے:مفتی اعظم مصر

مصر کے 19 ویں مفتی اعظم نے فروغ امن کے لیے ڈاکٹر طاہرالقادری کی خدمات کو سراہا
منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین کی کائرو میں شوقی ابراہیم عبدالکریم العلام سے ملاقات

لاہور (15 اپریل 2016) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے مصر کے 19ویں مفتی اعظم شیخ شوقی ابراہیم عبدالکریم العلام سے کائرو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مفتی اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام مشکل دور سے گزررہا ہے۔ امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے اور عصری چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمہ جہتی حکمت عملی کی تشکیل ناگزیرہو گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کے علماء، شیوخ، پروفیسرز، سائنسدان اور دیگر شعبہ جات کی ممتاز شخصیات کو ایک جامع حکمت عملی سر جوڑ کربیٹھنا ہو گااور امت مسلمہ کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشروں کو اسلام دشمن قوتوں کی طرف سے چیلنجز کا سامنا بھی ہے تاہم داخلی انتشار، عدم برداشت، دہشتگردی اور انتہا پسندی کی وجہ سے عالم اسلام اقتصادی، سیاسی، سماجی اعتبار سے کمزور ہورہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی دہشت گردی کے خاتمے اور فروغ علم کیلئے علمی تحقیقی خدمات کو سراہا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے مفتی اعظم مصر کو تحریک منہاج القرآن کے مختلف پراجیکٹس کے بارے میں بریف کیا اور انہیں دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں نئی نسل کو انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے باطل نظریات سے بچانے کیلئے کام کررہی ہے۔ اس ضمن میں فروغ امن نصاب شائع کیا گیا ہے جس میں تکفیری گروپوں کے متعلق قرآن و سنت کی روشنی میں مصدقہ مواد شامل کیا گیا ہے اور فروغ امن نصاب کے حوالے سے پوری دنیا میں ورکشاپس، سیمینارز، لیکچرزکا سلسلہ جاری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top