منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے طلباء کیلئے 10 لاکھ روپے سکالر شپ کا اعلان

ڈاکٹر طاہر القادری کے ویژن کے مطابق سستی اور معیاری تعلیم دے رہے ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین
ہر سال اول، دوم، سوم آنے والے طلباء و طالبات کو فرید ملت سکالر شپ دیا جائے گا: صاحبزادہ فیض محمود

لاہور (16 اپریل 2016) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی طرف سے اول، دوم، سوم آنے والے طلباء، طالبات کو ہر سال 10 لاکھ روپے مالیت کے فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ کے اجراء پر ایم ای ایس، انتظامیہ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ سستی، معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی ڈاکٹر طاہر القادری کا ویژن اور مشن ہے۔ فرید ملت سکالر شپ کے اجراء کے حوالے سے ایم ڈی، ایم ای ایس، صاحبزادہ فیض محمود فیضی کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب ہوئی جس میں اول، دوم، سوم آنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ فیض محمود فیضی نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی سستی اور معیاری تعلیم کا نجی شعبہ کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے۔ 630 سکولوں میں ڈیڑھ لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں جنہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ 10 ہزار سے زائد اساتذہ تعلیم دے رہے ہیں۔ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام چلنے والے سکولوں کی خاص بات یہ ہے کہ ان سکولوں میں 40فیصد بچے مفت تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ نجی شعبہ میں قائم تعلیمی اداروں میں بچوں کو مفت پڑھانے کی اتنی شرح اور کہیں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو جدید تعلیم کے ساتھ اخلاق اور کردار سازی کی اشد ضرورت ہے۔ ایسی تعلیم کی ضرورت ہے جس سے قوم میں غیرت، حمیت پروان چڑھے اور نئی نسل انتہا پسندی اور دہشتگردی کے مہلک نظریات اور سوچ سے دور رہے۔ تقریب میں ایم ای ایس کی انتظامیہ کے ناصر اقبال ایڈووکیٹ، جاوید اقبال قادری، راشد کلامی، فاروق اعوان، سیف اللہ بھٹی، علی وقار قادری، عتیق الرحمن نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top