تحریک منہاج القرآن کے ’شہر اعتکاف 2016‘ کی تیاریاں مکمل
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 26 جون 2016 سے شروع ہونے والے حرمین شریفین کے بعد دنیا کے سب سے بڑے ’شہر اعتکاف‘ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اتوار، 20 رمضان المبارک کی شام کو ہزاروں خواتین و حضرات شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی معیت میں اصلاحِ احوال، تزکیہ نفس، فہم دین، توبہ اور آنسوؤں کی بستی ’شہر اعتکاف‘ میں 10 دن کے لیے گوشہ نشین ہو نگے۔ جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں مرد اور منہاج گرلز کالج میں خواتین کی اعتکاف گاہ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہرِ اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی، شمالی علاقہ جات، پنجاب، خیبر پختونخواہ، اندرون سندھ، بلوچستان اور کشمیر سے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اعتکاف میں شرکت کیلئے ملک بھر میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، جو بیسویں روزے کی شام تک جاری رہے گا۔
امن و امان کی صورتحال کے پیشِ نظر منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ شہر اعتکاف میں مختلف جگہوں پر کیمرے لگا دئیے گئے ہیں جب کہ شہر اعتکاف کی طرف آنے والے راستوں پر کیمرے اور واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔
گرمی، حبس اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل سے بچنے کے لیے شہر اعتکاف کیلئے ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا انتظام کیا گیا ہے اور جامع المنہاج کے صحن کے دونوں اطراف بڑے پنکھے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری روزانہ درس قرآن و تصوف دینگے، جو منہاج ٹی وی پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے۔
تبصرہ