جہلم: تحریک منہاج القرآن کوٹلہ فقیر میں ’درس عرفان القرآن‘ کا انعقاد

تحریک منہاج القرآن یونین کونسل کوٹلہ فقیر کے زیراہتمام مکی مسجد جہلم کینٹ میں 17 جولائی 2016 کو ماہانہ دروسِ عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی ناظمِ دعوت تحریک منہاج القرآن علامہ فیاض بشیر قادری نے خطاب کیا۔ درس میں تحریک منہاج القرآن کے کارکنان سمیت مقامی علمائے کرام، مختلف سماجی شخصیات اور خواتین و حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

درسِ قرآن کا آغاز تلاوتِ کلامِ رحمٰن سے ہوا جس کی سعادت حافظ حسن محی الدین قادری نے حاصل کی۔ ڈاکٹر خالد قادری، منور حسین اور حافظ حسن محی الدین نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جبکہ تحریک منہاج القرآن تحصیل جہلم کے ناظم دعوت جاوید رضا قادری نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔

درسِ قرآن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ فیاض بشیر قادری نے نماز کی اہمیت اور اُس کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جوانیوں کو اللہ کے حضور پیش کردو اور اپنی جبینوں کو سجدوں سے منور کرلو۔ بےحیائی اور فحاشی کے اس دور میں تحریک منہاج القرآن نوجوانوں کو نیکی کی دعوت دے کر عملی تربیت میں پیش پیش ہے۔

درسِ قرآن کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن کی تاحیات رفاقت اختیار کرنے والے افراد کو اسناد پیش کی گئیں۔ جامع مکی مسجد کے خطیب علامہ خالد جلالی نے اختتامی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top