پاکستان کے دشمن اور وزیراعظم کے اتحادی ایک جیسی بولی بول رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

دہشتگردی ہو یا پاکستان پر الزام تراشی، بیرونی ملکوں کے نمک خوار ملکی ادروں کے خلاف زہر اگلتے رہتے ہیں
خرم نواز گنڈا پور نے عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل کردار بے نقاب کر دئیے، گفتگو

لاہور (20 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان کے دشمن اور وزیراعظم کے اتحادی ایک جیسی بولی بول رہے ہیں، دہشتگردی ہو یا پاکستان پر الزام تراشی بیرونی قوتوں کے نمک خوار ملکی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیتے ہیں۔ پھر کہتا ہوں قومی سلامتی کے تحفظ کے حوالے سے شریف برادران کا کردار مشکوک ہے، معاشی جرائم کی پردہ پوشی اور اقتدار کو تحفظ دینے کیلئے ایک تیر سے کئی شکار کر رہے ہیں۔ وہ لندن میں مختلف وفود، پارٹی رہنماؤں اور وکلاء سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ابھی تک کلبھوشن نیٹ ورک کے خلاف زبان نہیں کھولی۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بے ضرر بیان بازی کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم کلبھوشن کی گرفتاری، بلوچستان میں ہمسایوں کی مداخلت اور کھلی دہشتگردی کے ثبوت پوری دنیا کو دیں اور دہشتگردی کے حوالے سے اپنے ہی ملک کی ایجنسیوں پر انگلی اٹھانے والے اتحادیوں کی ہرزہ سرائی بند کرائیں۔ وزیراعظم کو اقوام متحدہ آنے سے قبل اپنے اتحادیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا اور انہیں بتانا چاہیے تھا کہ قومی سلامتی کے اداروں نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشتگردوں پر پاکستان کی سر زمین تنگ کر دی ہے، ان پر لغو اور منفی تنقید مت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ریشہ دوانیاں کرنے والوں کے حوصلے دن بدن بڑھ رہے ہیں۔ جب تک دشمنوں کی بولی بولنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جائے گا پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشیں جاری رہینگی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کو بتانا ہو گا کہ بھارت کے لوگ رمضان شوگر مل میں کیا لینے آتے ہیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ 20 ستمبر کو خرم نواز گنڈاپور نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تمام کرداروں کے چہروں سے نقاب الٹ دیا ہے ہم انصاف کے حصول کیلئے جو کر سکتے تھے کر دیا، تمام ثبوت عدالت کے سامنے رکھ دیئے اب انصاف کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قصاص و سالمیت پاکستان تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان وطن واپسی پر کرونگا۔

دریں اثناء ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج القرآن جتوئی کے رہنماء محمد بشیر کی بیٹی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top