اسلام میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں: فیض الرحمن درانی

امت مسلمہ کو تقسیم کر کے اسلام کے پرامن پیغام کو نقصان پہنچایا گیا
ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین کا ساجد بھٹی کی والدہ کے انتقال پر گھر جا کر اظہار تعزیت

لاہور (23 ستمبر 2016) امیر تحریک منہاج القرآن صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کفر کے فتوؤں اور امت مسلمہ کی تقسیم سے اسلام کے پرامن پیغام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ امت مسلمہ کی کامیابی اتحاد اور یکجہتی میں ہے۔ بدقسمتی سے باہمی نفاق اور سیاسی مفادات کے حصول کی خواہش نے عالم اسلام کو سنگین داخلی بحرانوں سے دو چار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 55 سے زائد مسلم ممالک جو معدنی دولت سے مالا مال اور شاندار عسکری قوت کے حامل ہیں وہ کشمیر، فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ قابضین کے غیر انسانی سلوک کو بند کروا سکے اور نہ عراق، شام، مصر، یمن میں امن لا سکے۔ عالم اسلام اس وقت مشکل ترین دور سے گزررہا ہے۔ باہمی انتشار اور ابن الوقت حکمرانوں نے اس بحرانوں کو سنگین تر کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران اللہ کے راستے اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں سے ہٹ چکے ہیں۔ نتیجتاً کمزور دشمن بھی ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں اور ہمارے اعصاب پر سوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ گناہوں سے تائب ہو کر قرآن اور سنت کے راستے پر آئے۔ مسلم حکمران اپنے اپنے ممالک میں انصاف کا نظام قائم کریں۔ کمزوروں پر ظلم بند کر دیں۔ حقداروں تک ان کا حق پہنچائیں اور اللہ کو راضی کریں۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین اور صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے عوامی تحریک کے رہنما ساجد بھٹی کے گھر جا کر ان کی والدہ اور منہاج القرآن کے چیف سکیورٹی آفیسر سید الطاف حسین شاہ کے بیٹے کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پرمنہاج القرآن فارن افیئر کے ڈائریکٹر جی ایم ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top