دفاع وطن کیلئے محب وطن عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انجینئر رفیق نجم

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ دفاع وطن کیلئے 19 کروڑ محب وطن عوام افواج پاکستان کے پیچھے سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ کسی کو پاکستان پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرآت نہیں ہونے دینگے۔ امن کا راستہ کشمیر سے گزرتا ہے۔ وزیراعظم کا حالیہ دورہ امریکہ ناکام، وقت اور پیسے کا ضیاع ثابت ہوا۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو 77 دن کے بعد بھی کوئی ریلیف نہیں ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی آفس فیصل آباد میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی ناظم رب نواز انجم ،میاں کاشف محمود ،بابر چوہدری، غلام محمد، بدر رمیض، رانا ناصر، رانا وحید شہزاد، مدثر فاروق و دیگر نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم دہشت گردی، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پاکستان کو درپیش مسائل درست انداز میں پیش نہیں کر سکے۔ وزیراعظم کے دورہ امریکہ کے دوران ہی پاکستان کو دہشت گرد سٹیٹ قرار دئیے جانے کے حوالے سے پیش ہونے والا بل افسوسناک اور حکومت کی خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے بیشتر ورزاء کرپشن، بے گناہوں کو قتل کرنے جیسے سنگین الزامات اور مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔ موجودہ حکمرانوں کی کوئی اخلاقی رٹ نہیں ہے۔ پاکستان سنگین بحرانوں سے دو چار ہے۔ موجودہ نااہل اور کرپٹ حکمران ملک کو ان بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کے احتساب اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے حوالے سے تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں. احتجاج کی حکمت عملی اور طریقہ کار جدا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی اول روز سے یہ خواہش اور کوشش ہے کہ قاتل، کرپٹ اور ظالم حکومت کے خلاف تمام جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوں اور بہت جلد اپوزیشن کا اتحاد وجود میں آئے گا۔ اجلاس میں کامیابی کے ساتھ آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے پر افواج پاکستان کو مبارکباد دی گئی۔ پنجاب میں رینجرز کو فی الفور آپریشن شروع کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top