قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر کی منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات

منہاج القرآن اپنی علم برائے امن مہم میں سپورٹس کو بطور خاص شامل کرے: عبدالقادر
صدر منہاج القرآن نے قومی ہیرو کو ایم ای ایس کے سالانہ سکالر شپ ایوارڈ تقریب میں شرکت کی دعوت دی

لاہور (24 اکتوبر 2016) قومی کرکٹ ہیرو عبدالقادر نے پیر کو منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اپنی علم برائے امن مہم میں سپورٹس سرگرمیوں کو بطور خاص شامل کرے۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے سینکڑوں تعلیمی ادارے ایک محب وطن، باشعور اور درد مند نسل پروان چڑھارہے ہیں۔

ماضی کے اسٹارر لیگ سپنر نے کہا  کہ نوجوانوں کو دور حاضر کی سیاسی، سماجی اور اخلاقی برائیوں سے بچانے کیلئے کھیلیں ایک آسودہ اور بہترین نسخہ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین نے قومی ہیرو کو منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر خوش آمدید کہا۔ پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول اور ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حفیظ چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے  سابق ٹیسٹ کرکٹر  کو 29 اکتوبر کو منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام الحمرا ہال میں منعقد ہونے والی فرید ملت سکالر شپ ایوارڈ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ منہاج القرآن کے زیر اہتمام کام کرنے والے تعلیمی اداروں میں نمایاں تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علموں کو ہر سال لاکھوں روپے کے سکالر شپ دئیے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال بھی 100 سے زائد طلبا و طالبات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں، کالجز، یونیورسٹی میں سپورٹس کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یوتھ ضرب امن سائیکل ریلی کا اہتمام بھی کر رہی ہے۔ یوتھ کے نوجوان سائیکل ریلی کی شکل میں پورے ملک کا چکر لگا ئیں گے اور امن، یکجہتی اور قومی سلامتی کا پیغام ہر شہر تک پہنچائیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top