فیصل آباد: منہاج القرآن علماء کونسل کی ’’پیغام شہادت کانفرنس‘‘

منہاج القرآن علماء کونسل فیصل آباد کے زیراہتمام ’’پیغام شہادت کانفرنس 23 اکتوبر 2016ء کو جامعہ ربانیہ نقشبندیہ محلہ حسین آباد میں منعقد ہوئی۔ ضلعی امیر سید ہدایت رسول شاہ قادری نے کانفرنس کی صدارت کی۔ مقامی علماء کرام میں علامہ عزیزالحسن اعوان، علامہ کرم دادخان ربانی، غلام محمدقادری، علامہ حمیدالحسن، علامہ محمداسلم، غلام مرتضیٰ، قاری عاشق حسین، قاری نثاراحمد اور حافظ محمدشریف نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔

سید ہدایت رسول شاہ قادری نے کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی مقدس زندگی ہمیں ظلم و جبر کے نظام کے خلاف ڈٹے رہنے اور ظالم جابر و قاتل حکمرانوں آگے سر نہ جھکانے کا درس دیتی ہے۔ آج ملک کو ایسے حکمران کی ضرورت ہے جو سیدنا امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات کو مشعل راہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں ڈاکٹر طاہر القادری اور انکے کارکنان کرپٹ، ظالم اور چور حکمرانوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے ظالم اور قاتل حکمرانوں کو ہر سطح پر للکارا ہے۔ قاتل حکمرانوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچانے اور قصاص لینے کے لیے تحریک کے دوسرے مرحلہ کا جلد آغاز ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا  کہ تحریک منہاج القرآن ملک میں فرقہ واریت، انتہا پسندی، دہشتگردی، لسانی وگروہی تعصبات کا خاتمہ چاہتی ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل ایک ایسا فورم ہے جو شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر سرپرستی کام کر رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم سے پاکستان بھر کے تمام علماء کرام کو اتحاد اور وحدت کی لڑی میں پرو کر باہمی رواداری کا ماحول قائم کیا جا رہا ہے۔ ملک میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے لیے اتحاد و یگانگت کی دعوت دی جا رہی ہے، تاکہ اتحاد بین المسالک قائم ہو سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top