ڈاکٹر طاہر القادری نے بتا دیا تھا پرویز رشید کو ہٹانا ڈرامہ ہے، چودھری نثار کی پریس کانفرنس سے تصدیق ہو گئی

فوج کو بدنام کرنے کی خبر کے پیچھے وزیراعظم ہیں، وزیر داخلہ حقائق مسخ نہیں کر سکتے: خرم نواز گنڈاپور
چودھری نثار واضح کریں ان کی سیاست نواز شریف کیلئے ہے یا پاکستان اور اس کے عوام کیلئے
پانامہ لیکس، سرل لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے شریف برادران ہیں، پریس کانفرنس پر ردعمل

لاہور (30 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر اپنا شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ روز کہہ دیا تھا پرویز رشید کو ہٹانے کا ڈرامہ کیا جارہا ہے۔ کسی کو کچھ نہیں ہو گا۔ فوج کو بدنام کرنے کی خبر کے پیچھے وزیراعظم اور ان کے درباری ہیں۔ وزیر داخلہ حقائق مسخ نہیں کر سکتے۔ چودھری نثار واضح کریں ان کی سیاست کرپٹ وزیراعظم کیلئے ہے یا پاکستان اور اس کے عوام کیلئے۔

پانامہ لیکس، سرل لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے شریف برادران ہیں اور اب ان کے جرائم پر کوئی مٹی نہیں ڈال سکتا۔ اتوار کو مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ سرل لیکس براہ راست پاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے اور یہ سب کچھ وزیراعظم ہاؤس کے اندر، وزیراعظم کی مرضی سے اور وزیراعظم کی ناک کے نیچے ہوا۔

وزیر داخلہ نے کتنی معصومیت کے ساتھ کہہ دیا کہ پرویز رشید کو خبر رکوانی چاہیے تھی۔ یہ صرف خبر نہ رکوانے کا جرم نہیں بلکہ افواج پاکستان کو پوری دنیا کے اندر بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش تھی۔ جس کے منصوبہ ساز وزیراعظم اور سہولت کار پرویز رشید اور دیگر افسران ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے ایک سنگین معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کی مگر اب مٹی نواز شریف کی سیاست پر پڑ کر رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار اپنی طویل ترین بورنگ میڈیا ٹاکس میں قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے حلف کی پاسداری نہ کرنے والے غداروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ریلیوں اور جلسوں سے نہیں ملک اس وقت بدنام ہوتا ہے جب اس کا وزیراعظم کرپشن کرتا ہے۔ ملک و قوم کی دولت لوٹ کر آف شور کمپنیاں بناتا ہے۔ بے گناہ شہریوں کو قتل کرواتا ہے، خواتین کے چہروں پر تھپڑ اور گولیاں مرواتا ہے۔ جب دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے ترتیب دئیے جانے والے ایکشن پلان کو ناکام بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری نے درست کہا کہ حکمران قومی سلامتی کے حملوں پر مٹی ڈالیں گے اور کچھ عرصہ بعد پرویز رشید سمیت جتنے لوگ بھی عہدوں سے ہٹائے جائینگے اور پھر بحال کر دئیے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پاکستان اور جمہوریت سے مخلص ہیں تو پھر کرپٹ وزیراعظم کو پانامہ کیس کی تحقیقات مکمل ہونے تک مستعفی ہونے کا مشورہ دیں اور سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کروائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرف سے اسلام آباد آنے والے راستوں کو بند کرنے کا مطلب فیڈریشن کو نقصان پہنچانا ہے اور یہ کام کرپٹ نواز لیگ اپنی کرپشن بچانے کیلئے کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی پانامہ لیکس ہو، سانحہ ماڈل ٹاؤن ہو یا سرل لیکس ہر جرم کے پیچھے میاں نواز شریف اور ان کے درباری ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top