منہاج القرآن لاہور کا اجلاس، عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

لاہور کے کارکن زیادہ محنت کریں کیونکہ وہ کانفرنس کے میزبان ہیں، امیر تحریک لاہور حافظ غلام فرید
اسلام دین رحمت، محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر رحمت اور قرآن کتاب رحمت ہے، اجلاس سے خطاب
میلاد کا سماں پیدا کرنے کے لیے عوام الناس کو بھی میلاد مہم میں شامل کیا جائے گا
ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی لوگ گھروں کو موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجائیں

لاہور (12 نومبر 2016) تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے مینار پاکستان میں ہونے والی عالم اسلام کی سب سے بڑی سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکنان و انتظامی کمیٹیوں کے اجلاس سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو نعمت اسلام اور معرفت الٰہی ولادت مصطفی صدقے ملی ہے۔ الحمد سے والناس تک پورا قرآن حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اخلاق بیان کرتا ہے۔ اسلام دین رحمت، محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیغمبر رحمت اور قرآن کتاب رحمت ہے۔ محبت اور عشق ایمان کی متاع ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اس حد تک داخل کرنا ہے کہ دنیا کی ہر محبت اس میں فنا ہو جائے۔

اجلاس میں تحریک منہاج القرآن لاہور کے ناظم اشتیاق حنیف مغل، حنیف قادری، حافظ صفدر، ساجد اصغر، راجہ محمود عزیز، ناصر سلطان، محمد ریحان، حاجی عبدالخالق و دیگر بھی موجود تھے۔

حافظ غلام فرید نے کہا کہ 32 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس حسب روایت 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان کے وسیع گراؤنڈ میں ہو گی۔ تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں لاہور سے لاکھوں عشاقان مصطفی(مرد و خواتین) کانفرنس میں شرکت کر کے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے کارکن زیادہ محنت کریں کیونکہ وہ کانفرنس کے میزبان ہیں۔

حافظ غلام فرید نے لاہور کے کارکنان کو ہدایات دیں کہ وہ ربیع الاول کا مبارک مہینہ شروع ہوتے ہی گھروں، گلیوں، محلوں کو سجائیں۔ چراغاں کریں، کائنات کا وجود آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کا مرہون منت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی ایسے انداز میں منانا چاہیے کہ پوری دنیا میں اس کی دھوم مچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان پر عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور اس سلسلے میں مرکزی سطح پر 70 سے زائد انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں۔ میلاد کا سماں پیدا کرنے کیلئے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کیا جائیگا۔ مینار پاکستان میں داخل ہونے والے قافلوں کی رہنمائی کیلئے تحریک منہاج القرآن لاہور مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گی۔

حافظ غلام فرید نے بتایا کہ ماہ ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہیں لاہور کے تمام ٹاؤنز میں روزانہ ولادت محسن انسانیت کی خوشی میں مشل بردار جلوس نکالے جائینگے جبکہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں روزانہ ضیافت میلاد کا اہتمام ہو گا اور درود و سلام کی صداؤں میں مشل بردار جلوس نکالا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جلوس میں شامل شرکاء کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائیگی۔ لاہور کی تاجر برادری، وکلاء، طلباء، مزدور مذہبی سیاسی اور سماجی رہنماؤں کو دعوت دینے کیلئے دعوتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ لاہور کے لوگ ہر گھر کو اپنی بساط کے مطابق موم بتیوں، تیل کے دیوں اور برقی قمقموں سے سجائیں۔ گھروں میں بچوں کے ہمراہ میلاد کی خوشی میں کیک کاٹے جائیں۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top