تعلیم سے محروم رکھنے والوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

بزم منہاج کی تقریب سے جہاں آرا وٹو، طارق متین، اسد اللہ و دیگر کا خطاب
حکمران لندن، نیویارک کی یونیورسٹیوں میں جائیں، تاکہ انہیں علم کی اہمیت کا پتہ چلے
انٹر کالجز تقریری مقابلوں میں اول دوم سوم آنے والوں میں انعامات تقسیم کئے گئے

لاہور (16 فروری 2017) تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے بزم منہاج کے زیراہتمام منعقدہ انٹر کالجز تقریری مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بچوں کو تعلیم کی معیاری سہولتوں سے محروم رکھنے والے ذمہ داروں اور انسانیت کے دشمن دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں۔ پاکستان اورنج لائن ٹرینوں، میٹرو بسوں کے منصوبوں سے نہیں بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے قائم کرنے سے باوقار ہو گا۔ حکمران جب لندن، نیویارک جاتے ہیں تو وہاں کی یونیورسٹیوں میں بھی جائیں تاکہ انہیں علم کی اہمیت کا پتہ چلے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا ہر فلاحی منصوبہ تعلیم اور تربیت کا شاہکار ہے۔

بزم منہاج کی تقریب سے پیپلز پارٹی کی رہنما سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی صاحبزادی جہاں آراء وٹو، طارق متین، اسد اللہ خان، پیر شہباز بخاری، غلام محی الدین دیوان، ندیم عباس، بشپ ولسن جان۔ پرنسپل میجر (ر) خان محمد، وائس پرنسپل ممتاز الحسن باروی، صابر نقشبندی، ساجد بھٹی، سہیل رضا، شہزاد رسول، حفیظ چودھری، جواد حامد، حاجی اسحق، محمد یوسف، طلحہ خورشید، ذیشان ارشد، محمد عمر، صدام حسین، حسن رضا سیالوی، غلام صمدانی، طیب حسین گجر نے بھی خطاب کیا۔

جہاں آراء وٹو نے اپنے خطاب میں کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تعلیمی ادارے ایک باشعور نسل کو پروان چڑھا رہے ہیں، ہم انکے تعلیمی، تحقیقی کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بد قسمتی ہے کہ پنجاب پر طویل حکومت کرنیوالوں نے تعلیم کو ترقی دینے کی بجائے اپنی سٹیل ملوں اور سریہ ملوں کو ترقی دی۔

سینئر صحافی طارق متین نے کہا کہ نوجوان نسل با مقصد تعلیم پر توجہ دے، تعلیم کے بغیر خوشحال پاکستان کا خواب محض خواب رہے گا۔

دیوان محی الدین نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بچوں کی جرات اور بے باکی دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔

تقریب کے اختتام پر اول، دوم سوم آنے والے طلباء و طالبات کو انعامات دیئے گئے۔ صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین نے بزم منہاج کے نئے عہدیداروں سے حلف بھی لیا جن میں صدر بزم منہاج ساجد عباسی، عتیق الرحمن شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top