تعلیم کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف حاصل نہیں ہو گا: ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 08 مارچ 2017ء

پالیسی ساز سوچیں، تعلیمی ادارے مولانا روم، رازی اور جابر بن حیان پیدا کیوں نہیں کر رہے؟
عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نصاب ناگزیر ہے، صدر تحریک منہاج القرآن

لاہور (8 مارچ 2017) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیراہتمام 73 نئی نصابی کتب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عصر حاضر کے سائنسی، سماجی، معاشی رجحانات کے مطابق بچوں کو تعلیمی نصاب نہ پڑھا کر نئی نسلوں کے مستقبل کو تاریک کیا جا رہا ہے۔ منہاج القرآن نے عصری تقاضوں کے ہم آہنگ کریکلم اتھارٹی تشکیل دے رکھی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر تعلیمی نصاب پر نظر ثانی کے کام کو آگے بڑھارہی ہے۔ محض 8 ماہ میں 73 کتابوں پر نظر ثانی اور نیا تعلیمی نظام منہاج ایجوکیشن کریکلم اتھارٹی کا ایک قابل فخر اور قابل تقلید کارنامہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن علم، محبت اور امن کی ایک عالمگیر تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی علم کی شمعیں روشن کررہے ہیں۔ تعلیم کے بغیر ترقی کا کوئی ہدف بھی حاصل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ آج جو قومیں بھی ترقی یافتہ کہلواتی ہیں ان کی ترقی کا راز ان کے تعلیمی اداروں، کالجز اور یونیورسٹیوں میں پنہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے پالیسی سازوں کو اس بات پر دھیان دینا ہو گا کہ کیا وجہ ہے کہ آج تمام تر وسائل کے باوجود تعلیمی ادارے مولانا رومی، رازی، جابر بن حیان پیدا نہیں کر رہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے نصاب کی تیاری کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر ایم ای ایس کریکلم اتھارٹی کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہوں نے یہ کام آئندہ نسلوں کے لیے کیا ہے۔ یہ ایک نیکی اور نیک کام ہے جس کا اجر انہیں اس دنیا میں بھی ملے گا اور آخرت میں بھی۔

تقریب رونمائی میں منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسلم غوری، بریگیڈئر (ر) محمد اقبال، خرم نواز گنڈاپور، ایم ڈی ایم ای ایس راشد کلیامی، کرنل (ر) محمد احمد، شاہد لطیف، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، رفیق نجم، پروفیسر محمد اقبال، ڈاکٹر امبر آصف، تنویر خان، سردار شاکر مزاری، مظہر علوی، عرفان یوسف، علی وقار، سیف اللہ بھٹی، عتیق الرحمان و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top