اسلام جبر اور بربریت کا نہیں رحمت اور شفقت کا دین ہے: فیض الرحمن درانی

شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعا
مسلمان کو مسلمان سے بیگانہ کیا جارہا ہے، امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی: امیر تحریک منہاج القرآن

لاہور (21 اپریل 2017) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام جبر اور بربریت کا نہیں رحمت اور شفقت کا دین ہے، ملت اسلامیہ خدا اور رسول اکرم ﷺ سے تعلق مضبوط کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے، امت اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو اللہ کوراضی کرنا ہو گا۔ اپنے اعمال کا محاسبہ اور اصلاح کرنا ہو گی، امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرنا ہو گی۔ مہنگائی، دہشتگردی، بیروزگاری، بے انصافی اور لوڈشیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں۔ بے گناہوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ پورا ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا جارہا ہے۔ تباہی اور بربادی ہم پر مسلط کر دی گئی ہے۔ آج مسلمان کو مسلمان سے بیگانہ کیا جارہا ہے۔ وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ کے ملک میں کتنے ہیں جو اللہ کی رحمت کے طلب گار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجب کے مہینے کا آخری عشرہ جاری ہے اور معراج شریف کے مبارک دن کی آمد آمد ہے، معراج شریف کا ہی موقع تھا جب رب کریم نے حضور اکرم ﷺ کو امت کے لیے نماز کا تحفہ عطا کیا۔ امت کی خوشی کے لیے نماز کو مومن کی معراج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو معراج کی تمام تر سعادتیں، رحمتیں اور برکتیں اپنے دامن میں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے اور دلوں کو عشق مصطفی سے معمور فرمائے اور ہمیں توبہ کرنے والا بنا دے یہی زندگی کا اصل سکون ہے۔

نماز جمعہ کے بعد شیخ الحدیث علامہ محمد معراج الاسلام کے درجات کی بلندی اور مغفرت کیلئے قرآن خوانی اور خصوصی دعا کی گئی۔ صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے علامہ معراج الاسلام کی علمی، مذہبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top