جنوبی افریقہ: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا مدینہ انسٹی ٹیوٹ میں لیکچر
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے 25 اپریل 2017 کو کیپ ٹاؤن میں مدینہ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کو لیکچر دیا۔ لیکچر میں ان کا کہنا تھا کہ مدارس اسلامیہ کی اہمیت مسلمہ ہے، مسلمانوں کے دورِ زوال میں بھی دینی مدارس کی علمی و دینی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ مدارس اسلامیہ امت مسلمہ کی متاع عزیز ہیں جن کے ساتھ امت کا ملّی تشخص اور دین کی بقاء کا سلسلہ مربوط ہے۔ یہ دینی ادارے اسلامی تہذیب و ثقافت اوراخلاقی اقدار کا نمونہ ہیں۔ دینی مدارس کو تخریب کاری کی آماجگاہیں بنانے پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلامیہ جو درحقیقت اسلام کے قلعے اور پوری ملت کے لئے سرمایہٴ افتخار ہیں جن کا مقصد اصلی خدمت دین اور اشاعت دین ہے، جن سے ہمیشہ اتحاد ویکجہتی، اخوت و ہمدردی اور انسانیت کا پیغام دیا جاتا رہا آج وہ گروہ بندی، تفرقہ بازی اور تخریب و دہشت کی علامت بن کر رہ گئے۔ مدارس کے اس کراد نے نئی نسل کے ذہن میں شکوک پیدا کر دیے ہیں۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ امت کے علماء مدارس کے تقدس کو بحال کریں۔ انہوں نے مدینہ انسٹی ٹیوشن کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دین کے سچے طالبعلم بن کر تعلیم حاصل کریں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مدینہ انسٹی ٹیوشن کے منتظمین کی کوشوں کو سراہا اور ان کی توفیقات میں اضافے کی دعا کی۔
تبصرہ