شب قدر میں انسان کو بقائے انسانیت کا منشور ملا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 22 جون 2017ء

پاکستان کو ریاست مدینہ کی مواخات پر مبنی انسانی اقدار سے ہم آہنگ کرنا ہو گا
شب قرآن کا ایک پیغام سوسائٹی کے کمزور طبقات پر تعلیم کے دروازے کھولنا ہے
شہر اعتکاف میں عوام کا سمندر امڈ آیا، وطن عزیز و عالم اسلام کے اتحاد کیلئے دعائیں
میاں منظور احمد وٹو، جنرل (ر) غلام مصطفی، پی ٹی آئی کے رہنما ولید اقبال کا شہر اعتکاف کا دورہ

لاہور(22 جون 2017) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب قدر کے موقع پر ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شب قدر کو قرآن کی صورت میں انسان کو انسانیت کی بقا کا جامع منشور ملا۔ شب قدر کا ایک پیغام علم، انسانیت سے پیار اور سوسائٹی کے کمزور طبقات کیلئے تعلیم کے دروازے کھولنا ہے جس الہامی دین کا پہلا پیغام تعلیم ہو اس کے ماننے والوں کا ناخواندہ ہو ناکھلی نافرمانی ہے۔ اللہ کے محبوب نے ہر سانس انسانیت سے پیار کیا اور معاشرتی توازن کو قائم کرنے کیلئے حقوق و فرائض کا جامع تصور دیا۔ پاکستان کی تخلیق اور قرآن پاک کی تکمیل کے عظیم تحائف شب قدر کی عطا ہیں۔ اسلامی اخوت کے بھولے ہوئے پیغام کو یاد کر کے ان نعمتوں کی قدر کی جائے۔ شہر اعتکاف میں عوام کا سمندر امڈ آیا، ہزاروں خواتین نے بھی ملحقہ گرلز کالج کے وسیع و عریض گراؤنڈ میں سربراہ عوامی تحریک کا فکر انگیز خطاب سنا۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے شب قدر کی بابرکت رات ملکی ترقی، خوشحالی اور عالم اسلام کے اتحاد کیلئے خصوصی دعا کی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیغمبر اسلام کے بتائے ہوئے راستوں پر عمل کر کے انسانیت کھوئے ہوئے امن، سکون اور تحفظ کو حاصل کر سکتی ہے۔ آج کے انسان کو جانوروں، درندوں یا آفات سے نہیں انسانوں سے خطرہ ہے۔ اسلام نے 14 سو سال قبل نا حق خون بہانے کے جن جاہلانہ رویوں کو مسترد کیا تھا حرص و ہوس اور گمراہ کن خارجی فکر کے باعث انہیں پھر زندہ کیا جا رہا ہے۔ ان جاہلانہ رویوں سے نجات کیلئے قرآن اور صاحب قرآن سے رجوع کرنا ہو گا اور پاکستان کو ریاست مدینہ کے انتظامی و سیاسی خدوخال کے مطابق ڈھالنا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ انسانیت کی بقا اور تحفظ کے رہنماء اصولوں پر استوار تھی یہ ماڈل آج بھی قابل عمل ہے۔ تما م مکتب فکر اور سوسائٹی کے دیگر طبقات محبت، اخوت، مواخات کی فکر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ دنیا کی پہلی باضابطہ ویلفیئر سٹیٹ تھی جس میں رنگ، نسل، مذہب کی تفریق کے بغیر یکساں حقوق اور تحفظ میسر تھا۔

دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء میاں منظور احمد وٹو، جنرل (ر) غلام مصطفی، پی ٹی آئی کے رہنما ولید اقبال نے شہر اعتکاف کا دورہ کیا اور تحریک منہاج القرآن کی طرف سے نوجوانوں کی دینی و اخلاقی تربیت کے ماحول پر ڈاکٹر طاہرالقادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری نفرتوں کو کم اور محبتوں کو عام کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top