مریم بی بی کو اپنے باپ کی بدعنوانیوں کی سزا مل رہی ہے : عوامی تحریک

تقریر کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب دینا چاہیے تھا بھاگنا اچھی بات نہیں: فرح ناز
مریم کے باپ نے ماڈل ٹاؤن میں دو بیٹیوں شازیہ اور تنزیلہ کو قتل کروایا: مرکزی صدر ویمن لیگ
یہ کیسا ظلم ہے پیشیوں پر سیلیوٹ اور پروٹوکول سے استقبال ہوتا ہے: افنان بابر، عائشہ مبشر

لاہور (5 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ مریم نواز کو اپنے باپ کی بد عنوانیوں کی سزا مل رہی ہے۔ باپ نے لوٹ مار کی دولت بچوں کے نام چھپائی جس کا نتیجہ پیشیوں کی صورت میں نکلا۔ ان پیشیوں کا ذمہ دار کوئی اور نہیں مریم نواز کا باپ میاں نواز شریف اور بھائی حسین نواز ہیں جنہوں نے مریم کا نام پہلی باربے نقاب کیا۔ یہ کیسا ظلم ہے کہ تفتیشی مرکز کے باہر سیلیوٹ اور سرکاری پروٹوکول سے استقبال ہوتا ہے۔ بہو بیٹیوں کے حوالے سے شریف خاندان کی خاندانی اقدار کا اندازہ بے نظیر بھٹو، شہلا رضا، شرمیلا فاروقی، عائشہ احد اور ماڈل ٹاؤن میں سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ کے دروازے پر کھڑی خواتین کے ساتھ ہونیوالے سلوک سے لگایا جا سکتا ہے۔ مریم بی بی آپ کے باپ نے پاکستان کی دولت لوٹ کر لندن میں محلات تعمیر کئے اور آپ کے پاس اسکی منی ٹریل نہیں ہے یہ الزام ہے جس کا آپ ایک سال گزر جانے کے بعد بھی جواب نہیں دے سکے، مریم نواز کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے لمبی چوڑی تقریر کے بعد صحافیوں کے سوالات کا جواب بھی دینا چاہیے تھا بھاگنا اچھی بات نہیں۔ وہ ویمن لیگ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجلاس میں مرکزی رہنماء راضیہ نوید، افنان بابر، عائشہ مبشر، زینب ارشد و دیگر رہنماء شریک تھیں۔

فرح ناز نے کہا کہ مریم کے باپ اور چچا نے 17 جون 2014 کے دن ماڈل ٹاؤن میں شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کو قتل کروایا۔ مریم بتائیں تب انہوں نے اپنے وزیر اعظم باپ کی آنکھوں میں کوئی فکر اور تشویش دیکھی تھی؟ انہوں نے کہا کہ تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کے ورثاء انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تین سال میں انصاف کیلئے 108 پیشیاں بھگت چکے، مریم بی بی کی صرف ایک پیشی پر آسمان سر پر اٹھا لیا گیا۔

افنان بابر نے کہا کہ قاتل اعلیٰ اور دیگر ٹولہ کہتا ہے ہماری تہذیب ہمیں خواتین کا احترام سکھاتی ہے جب ماڈل ٹاؤن میں حکمرانوں کی ذاتی نوکر پولیس کے وحشی درندوں نے خواتین کے دوپٹے نوچے ان پر گولیاں برسائیں تب قاتل اعلیٰ کی تہذیب کہاں تھی۔

عائشہ مبشر نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہے میں نے آج اپنے والد کی آنکھوں میں فکر اور تشویش دیکھی انہوں نے کہا کہ جب قوم کی بیٹی شازیہ مرتضیٰ اور تنزیلہ امجد کے چہرے پر گولیاں برسائی گئیں تب مریم نے اپنے باپ کی آنکھوں میں کیا دیکھا تھا ؟۔ یہ مکافات عمل ہے ایک حساب اس دنیا میں اور ایک حساب اگلے جہاں میں ہونا ہے۔

راضیہ نوید نے کہا کہ موجودہ کرپٹ نظام اور بد عنوان حکمرانوں کے شخصی اقتدار کو تحفظ دینے والے اس نظام میں روزانہ سینکڑوں خاندانوں کی مائیں بہنیں تھانہ کچہری میں جھوٹے مقدمات میں دھکے کھاتی ہیں کیا اس پر بھی کبھی مریم نواز کے باپ کی آنکھوں میں تشویش ابھری؟۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے تقریری اور درباری ٹولے نے آج تک ان مظلوم خواتین کیلئے کبھی اتنی چیخ و پکار نہیں کی جتنی کھرب پتی مریم نواز کیلئے ہو رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top