اسلام غریبوں، مظلوموں کا غمگسار دین ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

اتحاد اور اخلاص کی قوت سے پاکستان کوخوشحالی کی شاہرہ پر گامزن کیا جائے
74 ہزار سے زائد شہدائے پاکستان کے اہلخانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں
سربراہ عوامی تحریک کی عید الضحیٰ پر اسلامیان پاکستان کو مبارکباد، ملکی سلامتی کیلئے دعا

لاہور (01 ستمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے عید الضحیٰ کے موقع پر اسلامیان پاکستان کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام غریبوں، مظلوموں، یتیموں کا غمگسار دین ہے، اسلامی اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی، اللہ رب العزت پاکستان اور اسکے 20 کروڑ سے زائد عوام کی حفاظت کرے، پاکستان کے اندرونی بیرونی دشمنوں کو ناکام کرے اور امت مسلمہ کو اتحاد کی لڑی میں پروئے۔ انہوں نے جامع المنہاج میں نماز جمعہ ادا کی اور عہدیداروں، کارکنوں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم ان 74 ہزار سے زائد شہدائے پاکستان کے عزیز و اقارب اور اہلخانہ کو بھی بطور خاص مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کیلئے اپنے پیاروں کی موت کے دکھ کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا اور استقامت کے ساتھ دہشتگردی کو رد کیا۔ پورے پاکستان کو ان عظیم فرزندوں کی قربانیوں اور انکے اہل خانہ کے صبر اور استقامت پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ تعالیٰ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، ان قربانیوں کے صدقے اسلام، پاکستان اور انسانیت کے دشمن نیست و نابود ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر فخر ہے اتحاد اور اخلاص کی قوت سے پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جائے، پاکستان کے 20 کروڑ سے زائد عوام اسکی اصل طاقت اور محافظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دن سنت ابراہیمی  کی یاد دلاتا ہے۔ آج کے دن کا پیغام ایثار اور قربانی ہے۔ ہمیں آج کے دن کی نسبت سے اسلام کیلئے، پاکستان کیلئے، انسانیت کیلئے اپنے اندر قربانی کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی نے اسلام کے پر امن تشخص کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، امت مسلمہ کے ہر فرد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف اپنی قوت اور استعداد کے مطابق آواز بلند کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top