سہ روزہ علوم الحدیث کانفرنس 7 اکتوبر کو ہو گی، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کرینگے

کانفرنس میں 3 ہزار سے زائد علماء، سکالرز شرکت کریں گے
تمام مکتب فکر کے علماء کانفرنس میں شریک ہو رہے ہیں: منہاج القرآن علماء کونسل

لاہور (6 اکتوبر 2017) تحریک منہاج القرآن علما کونسل کے زیراہتمام سہ روزہ علمی و تحقیقی علوم الحدیث کانفرنس کل 7 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک جامع المنہاج بغداد ٹاؤن میں شروع ہو گی، کانفرنس میں 3 ہزار سے زائد شیوخ الحدیث، علماء، مذہبی سکالرز، یونیورسٹیز کے ہیڈ آف اسلامک سٹڈیز اور ایم فل کے طلباء شرکت کرینگے۔ دورہ علوم الحدیث کانفرنس میں حجۃ المحدثین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی لیکچرز دینگے اور علوم الحدیث کے علمی، تحقیقی و جدید فنی پہلوؤں پر روشنی ڈالیں گے۔ موضوع اور افادیت کے اعتبار سے اس منفرد سہ روز علوم الحدیث کانفرنس میں تمام مکتب فکر کے جید علماء بھی شریک ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری علم انواع و مصطلحات الحدیث، قواعد الجرح والتعدیل، علم طبقات الرجال، علم مراتب کتب الحدیث و دیگر علمی مباحث و احکام پرخصوصی لیکچرز دینگے اور سوال و جواب کی خصوصی نشست بھی ہو گی، اس سہ روزہ کانفرنس میں شریک ہونیوالے علما و سکالرز کے قیام و طعام کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

علماء کونسل کے رہنماؤں علامہ سید فرحت حسین شاہ، علامہ میر آصف اکبر، علامہ امداد اللہ قادری نے کانفرنس کے انتظامات کا حتمی جائزہ لیا اورتشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس منفرد اور اہم علمی کانفرنس کا انعقاد تحریک منہاج القرآن کا ایک علم پرور اقدام ہے جس میں بلا تفریق تمام جامعات، مدارس اور سکول آف تھاٹ کو شرکت کی دعوت دی ہے۔ علماء رہنماؤں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ایک خالصتاً علمی، تحقیقی تحریک ہے جو ’’لا تفرقو‘‘ کے قرآنی احکامات کی روشنی میں دین محمدی ﷺ کا پیغام قریہ قریہ پہنچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہ روزہ کانفرنس کے انعقاد سے مذہبی حلقوں میں ایک نئے علمی، تحقیقی کلچر کی بنیاد پڑے گی۔ علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے امت مسلمہ کے وکیل ہونے کا حق ادا کر دیا ہے۔ آج ان کی فکر کو پوری دنیا میں اس لیے قبولیت مل رہی ہے کہ انہوں نے پوری امت کو ایک جسد بنانے کیلئے انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی فکر کو فروغ دینا علماء کی ذمہ داری ہے کیونکہ طاہرالقادری ذات کا نہیں اسلام کی حقیقی فکر کا دوسرا نام ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top