اسلام امن پسند دین، قبول اسلام میری خوش قسمتی ہے: مانڈلا منڈیلا

ساؤتھ افریقہ کو پاکستان میں کرکٹ کھیلنی چاہیے اس کے لیے میں اپنا کردار ادا کروں گا
نیلسن منڈیلا کے پوتے کا لاہور ایئرپورٹ پر ڈاکٹر حسن محی الدین و دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا
مانڈلا منڈیلا مینار پاکستان پر منعقدہ تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے

لاہور (30 نومبر 2017) نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کا جمعرات کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر سینئر رہنماؤں نے استقبال کیا۔ مانڈلا منڈیلا کے ہمراہ ساؤتھ افریقہ میں میمن کمیونٹی کے چیئرمین اے وی محمد و دیگر ممتاز شخصیات بھی تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے لاہور پہنچے ہیں۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانڈلا منڈیلا نے کہا کہ میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ میں پاکستان آیا ہوں اور میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ختم نبوت کانفرنس میں شریک ہو رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایک امن پسند دین اور ضابطہ حیات ہے۔ قبول اسلام میری خوش قسمتی ہے۔ دنیا کے امن کیلئے اسلام کے پرامن پیغام کو پھیلانا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ساؤتھ افریقہ نے عظیم الشان کرکٹرز پیدا کیے میں اس بات کا حامی ہوں کہ ساؤتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلنے آئے، کھیلوں کے فروغ میں امن اور عالمی بھائی چارہ ہے اور اس حوالے سے بحیثیت عوامی نمائندہ میں جو کردار ادا کر سکا ضرور کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میرا حالیہ دورہ مذہبی نوعیت کاہے اور میں تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی دعوت پر آیا ہوں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فروغ امن کیلئے عملی عالمی کوششیں قابل قدر ہیں اور میں اس کا مداح ہوں۔ ایئرپورٹ پر ڈاکٹر حسن محی الدین نے معزز مہمانوں کوخوش آمدید کہا۔

خرم نواز گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ساؤتھ افریقین منہاج القرآن اسلامک سنٹر کی کوششوں سے مانڈلا منڈیلا مشرف بااسلام ہوئے ہیں اور اسلام قبول کرنے کے بعد وہ پہلی بار پاکستان میں پاکستان آئے ہیں ہم انہیں خوش آمدید کہتے ہیں۔ وہ عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے منعقدہ تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شریک ہونگے اور بعدازاں انہیں منہاج القرآن کے سیکرٹریٹ اور مختلف فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ بھی دی جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top