ماڈل ٹاؤن میں بیریئر نہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کو ہٹانے کیلئے آپریشن ہوا: خرم نواز گنڈاپور

نجفی کمیشن میں جھوٹا بیان دینے پر شہباز شریف آرٹیکل 62F کے تحت نااہل ہیں
جانتے ہیں لاتوں کے باتوں سے نہیں جائینگے، شہباز شریف، رانا ثناء اللہ عزت سے عہدے چھوڑ دیں
قاتل باپ کا بدعنوان بیٹا حمزہ زبان کو لگام دے، چوروں کے ٹبر کی گرفت قریب ہے: رہنما عوامی تحریک

لاہور (8 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے نجفی کمیشن میں جھوٹا بیان دینے پر شہباز شریف آرٹیکل 62F کے تحت نااہل ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں بیریئر نہیں ڈاکٹر طاہرالقادری کو ہٹانے کیلئے آپریشن ہوا۔ یہ سب جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں شامل ہے۔ عزت اسی میں ہے شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ عہدے چھوڑ کر انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بطور ملزم پیش ہوں۔ ان کی طلبی کیلئے بھی ایک رٹ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ بے گناہ قرار دینے کا حق صرف عدلیہ کو ہے نوکروں، ملازموں اور دستر خوانیوں پر مشتمل کسی جے آئی ٹی کو نہیں۔ شہباز شریف کے آرڈر پر رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹاؤن آپریشن ڈیزائن کیا اور پھر سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کو نواز شریف کی مشاورت اور منظوری سے بلوچستان سے راتوں رات بلا کر خون کی ہولی کھیلی گئی۔ بیریئر ہٹانے والا مفروضہ کمیشن نے مسترد کر دیا۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال، جنرل سیکرٹری میاں ریحان مقبول، سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے حمزہ شہباز کے ڈاکٹر طاہرالقادری کے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کیا پدی اور کیا پدی کا شوربہ، حرام کے نوالے کھانے والے حمزہ شہباز زبان کو لگام دیں۔ قاتل باپ کے بدعنوان بیٹے کے مالی، اخلاقی جرائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں وہ اپنے جرائم کا حساب اور مواخذہ کی تیاری کریں۔ رہنماؤں نے کہا کہ چوروں کے ٹبر کے دن گنے جا چکے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں لکھ دیا ہے کہ 16 جون 2014ء کی میٹنگ میں رانا ثناء اللہ نے آپریشن کے مقاصد سے شرکائے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی نمائندگی ان کے پرنسل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ، ہوم سیکرٹری اور چیف سیکرٹری پنجاب نے کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top