سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائے جائے: ڈاکٹر طاہرالقادری

ڈاکٹر طاہرالقادری جب بھی کال دیں گے ساتھ کھڑے ہوں گے، ماڈل ٹاؤن میں کلمہ مسلمان شہیدکیے گئے: مصطفی کمال
ڈاکٹر طاہرالقادری کی جدوجہد سے سچ سامنے آگیا، باقر نجفی رپورٹ میں ظالموں کی نشاندہی ہو گئی
ملزم خود کو قانون کے حوالے کر دیں، ظلم پر خاموش رہ کر ظالموں کا ساتھی کہلوانا پسند نہیں کرونگا:چیئرمین پی ایس پی
پی ایس پی وفد میں افتخار رندھاوا، رضا ہارون، مبین الدین، آفاق جمال، کرامت شیخ، بیرسٹر مختار و دیگر شامل تھے
سربراہ عوامی تحریک نے پی ایس پی کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا، ڈاکٹر حسن محی الدین، خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنما شریک تھے

لاہور (9 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال کے ہمراہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کیلئے پاناما طرز کی غیر جانبدار جے آئی ٹی بنائی جائے۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ملزمان عہدے چھوڑ کر خود کو قانون کے حوالے کر دیں۔ اتنے کمزور نہیں ہیں کہ استعفیٰ مانگیں ہم استعفے کا حکم دے رہے ہیں بصورت دیگر قانونی، سیاسی اور فیصلہ کن عوامی جدوجہد کیلئے تیار ہیں۔ ماڈل ٹاؤن میں بیریئر نہیں مجھے راستے سے ہٹانے کیلئے آپریشن کیا گیا اور یہ سب حقائق جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ میں درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ نے قاتلوں کے بدن سے کپڑے اتار کر ان کا ہر ایک ایک عضو ننگا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ میں 125 پولیس افسران اور بیوروکریٹس ملوث تھے سب کو ان کی پوزیشن سے ہٹایا جائے۔ جب تک مقدمے کا فیصلہ نہ ہو جائے انہیں عہدوں سے الگ رکھا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کیے جانے کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ اور بعدازاں فل بنچ کے فیصلے کی ستائش کی اور پی ایس پی کے چیئرمین کی طرف سے مظلوموں کی حمایت پر اور آمد پر شکریہ ادا کیا۔

پی ایس پی کے چیئرمین مصطفی کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ڈاکٹر طاہرالقادری ان کے کارکنوں کی انتھک جدوجہد سے بالآخر سچ سامنے آگیا، جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کا 3 سال تک دبایا جانا ہی اس بات کا ثبوت ہے کہ رپورٹ دبانے والے ہی ملزم ہیں۔ ظلم کا مقابلہ کرنے والے عوامی تحریک کے کارکنوں کے عزم، استقامت پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ماڈل ٹاؤن میں ظلم ہوا، ظلم کرنے والا ہی ظالم نہیں ہوتا بلکہ ظلم دیکھ کر خاموش رہنے والا بڑا ظالم ہے اور میں ظالموں کا ساتھی کہلوانا پسند نہیں کروں گا۔ کلمہ گو نہتی مسلمان خواتین کو گولیاں مار کر شہید کیا گیا عوامی تحریک کے کارکنوں کو نہیں پاکستان کے مسلمانوں کو شہید کیا گیا، سانحہ ماڈل ٹاؤن منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔ ملزم خود کو قانون کے حوالے کر کے اپنی بے گناہی عدالت میں ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام جاگ چکے، ظالم کمزور ہو گئے، اسی لیے انہیں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کی ہمت نہیں ہوئی۔ جسٹس باقر نجفی نے اپنی رپورٹ میں واضح طور پر لکھ دیا کہ 16 جون 2014 ء کی میٹنگ میں رانا ثناء اللہ، ہوم سیکرٹری اور وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری بھی موجود تھے اس کا مطلب ہے اس سارے آپریشن میں وزیراعلیٰ آن بورڈ تھے۔ کیمروں کے سامنے بربریت ہوئی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انصاف کے لیے جو لائحہ عمل بھی دیں گے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ اگر آج ظلم کے سامنے بند نہ باندھا گیا تو پھر کبھی کسی مظلوم کو طاقتور کے مقابلے میں انصاف نہیں ملے گا۔ ہم نے کراچی میں ظالموں کے خلاف کھڑے ہو کر دکھا دیا۔ پاکستان بھر میں جہاں کہیں بھی ظلم ہو گا ہم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونگے۔

سربراہ عوامی تحریک نے پی ایس پی کے وفد کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر ظہرانہ دیا رہائش گاہ آمد پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، فیاض وڑائچ، بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق للہِ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی نے وفد کا استقبال کیا۔ پی ایس پی کے 10 رکنی وفد میں افتخار رندھاوا، رضا ہارون، مبین الدین قاضی، آفاق جمال، کرامت شیخ، بیرسٹر مختار، امجد فاروق بسمل، خرم جویا اور دانش خان شامل تھے۔ مصطفی کمال نے ملاقات کے بعد عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ بھی کیا۔ وفد گوشہ درود میں بھی گیا اور گوشہ درود کی کھڑکیوں پر لگی ہوئی گولیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ یہاں پرکون سے بیریئر تھے؟ جس پر مصطفی کمال نمناک ہو گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top