سیاسی فیصلے عدلیہ میں نہ کرنے کے راگ الاپنے والے اپنے فیصلوں کیلئے غیر ملکی دربار میں چلے گئے: ڈاکٹر طاہرالقادری

شریف برادران کا بیرون ملک منظم نیٹ ورک ہے، مشکل میں آتے ہیں تو انہیں لینے غیر ملکی جہاز پہنچ جاتے ہیں
اشرافیہ کو اس بار این آر او ملا تو یہ ریاست قوم، پارلیمنٹ، قانون اور جمہوریت کے ساتھ ذلت آمیز سلوک ہو گا
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری سے اے پی سی اورحصول انصاف کے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال ہو گا

لاہور (28 دسمبر 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہونے چاہئیں کا راگ الاپنے والے خود فیصلے کیلئے بیرونی طاقتوں کے دربار میں پہنچ گئے، جمہوریت اور تحریک عدل کا شور کرنے والے شرم سے ڈوب مریں، شریف برادران کا بیرونی دنیا میں منظم نیٹ ورک ہے، یہ جب بھی مشکل میں گھرتے ہیں انہیں لینے غیر ملکی جہاز آجاتے ہیں، قوم لٹیروں اور قاتلوں کے حوالے سے اب کسی این آر او کو قبول نہیں کرے گی۔ این آر کا مطلب ہو گا کہ پاکستان سے عدل و انصاف ہمیشہ ہمیشہ کیلئے گم ہو گیا، قاتل اور قومی خزانے کی وسیع پیمانے پر لوٹ مار ملوث اشرافیہ کو کوئی این آر او ملا تو یہ ریاست، قوم، پارلیمنٹ، قانون اور جمہوریت کے ساتھ انتہائی گھناؤنا اور ذلت آمیز سلوک ہو گا، وہ عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری سے ملاقات، اے پی سی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، صدر آصف علی زرداری سینئر رہنماؤں کے ہمراہ 29 دسمبر کو سہ پہر 3 بجے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات کرینگے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ شائع ہو جانے کے بعد بیواؤں، یتیموں کوانصاف نہ ملا اور ذمہ دار قانون کے کٹہرے کے میں نہ لائے گئے تو پھر یہ بات ثابت ہو جائیگی کہ پاکستان میں مظلوم کو کبھی انصاف نہیں ملے گا اور نہ قانون طاقتور کے سامنے کبھی حرکت میں آسکے گا۔ پاکستان اپنی تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہے، اب یہ اداروں نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کسی ایک خاندان کی جاگیر کے طور پر قبول کرنا ہے یا اسے حقیقی معنوں میں آئین اور قانون کے مطابق چلانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قاتلوں سے عدلیہ کے فلور پر اب صرف قصاص پر بات ہو گی، ملکی استحکام اور بقاء کیلئے قومی لٹیروں اور قاتلوں کے صفایا کی جنگ لڑرہے ہیں، گروہی و مالی مفاد کیلئے قومی لٹیروں کی بیساکھیاں بننے والے ملک و قوم کے حال پر ترس کھائیں۔

اجلاس میں عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اے پی سی کے جملہ انتظامات اور شریک ہونے والی جماعتوں کے حوالے سے تفصیل سے سربراہ عوامی تحریک اور کور کمیٹی کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اے پی سی میں تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، پاک سرزمین پارٹی، مسلم کانفرنس، مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل، جمعیت علمائے پاکستان نورانی، جمعیت علمائے اسلام (اجمل قادری)، جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ نے شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے، دیگر جماعتوں سے رابطے آج رات تک مکمل کر لیے جائینگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف کے اچانک غیر ملکی پرائیویٹ جہا ز پر سعودی عرب جانے پر کہا ہے کہ شریف خاندان کا پاکستانی نثراد امریکی دیرینہ فرنٹ مین سعودیہ میں ملاقاتیں ارینج کروا رہا ہے، جس میں ایک سے زائد ممالک کے لوگ شریک ہیں، اس امر کا خدشہ ہے کہ 1999 کی تاریخ دوبارہ نہ دھرائی جائے اور بے گناہ انسانی جانوں کے قاتل اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے ملزم بیرون ملک بھاگنے میں کامیاب نہ ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی فرنٹ مین سعودی عرب میں ملاقاتیں ارینج کروا رہا ہے، شہباز شریف جس پرائیویٹ جہاز میں گئے وہ پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top