فیصل آباد: تحریک منہاج القرآن کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس

تحریک منہاج القرآن فیصل آباد کی ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس مورخہ 2 فروری 2018 کو منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے کی، اجلاس میں ضلعی ناظم رانارب نواز انجم، محمد عارف نیازی، رانا غضنفر علی، غلام محمد قادری، سہیل مقصود، محمودالحسن، خالد رفیق سندھو، سید ثقلین شاہ، رانا کرامت علی ارسلان قادری، عبدالرشیداعوان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تحریک کے عہدیدرارن نے یونین کونسلز کی تنظیم سازی اور ڈاکٹر طاہرالقادری کا پیغام پہنچانے کیلئے اہداف متعین کر لئے ہیں جس کو حاصل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر عوامی رابطہ کارنر میٹنگز ہوں گی، ڈاکٹرطاہرالقادری جب بھی آواز دیں گے عوام کی شرکت کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ مرکزی نائب ناظم اعلیٰ نے کہا کہ شریف برادران نے کہا تھا حکومت کاآخری سال ریلیف کا سال ہو گا مگر غریب کیلئے تکلیف کا سال بنا دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب پر عرصہ حیات تنگ کر دیا گیا، گیس پہلے ہی ناپید تھی اوپر سے مٹی کے تیل کی قیمتوں میں 6 روپے لٹر اضافہ کر کے غریب کا چولہا ٹھنڈا کر دیا گیا۔

مرکزی نائب ناظم اعلیٰ انجینئر محمد رفیق نجم نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کے نامزد ملزمان کس عدل اور انصاف کی بات کرتے ہیں؟ پانامہ کیس میں تو جھوٹ بولنے پر کک آؤٹ ہوئے، ماڈل ٹاؤن کیس میں یہ پھانسیاں چڑھیں گے، اور اب انکا انجام بہت قریب ہے۔ جسٹس باقر نجفی کمشن رپورٹ نے انکے قاتل ہونے پر مہر لگا دی۔ جب بر وقت انصاف نہیں ملتا تو پھر عوام سڑکوں پر نکلتے ہیں، ہماری افرادی قوت کے بارے میں ہمارے دوست اور دشمن اچھی طرح واقف ہیں، جب ضرورت پڑی تو قاتل ٹولے کی غلط فہمی کو دور کر دیں گے، ہمارے کارکنوں کو تیاری کے لیے 24 گھنٹے سے زیادہ وقت درکار نہیں ہوتا۔ جب پاکستان عوامی تحریک میدان میں نکلی تو جعلی کاغذی شیروں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top