منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام سفیر امن سیمینار

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 67 ویں سالگرہ کے سلسلہ میں منہاج القران لاہور کے زیراہتمام سفیرِ امن سیمینار 17 فروری 2018ء کو ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈاکٹر حسین محی الدین قادری (صدر منہاج القران انٹرنیشنل) نے کی۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم نائب ناظم اعلی کوآرڈینیشن، امیر لاہور حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل اور تحریک منہاج القران لاہور کے قائدین نے بھی قائد ڈے کے پروگرام میں شرکت کی۔ منہاج القرآن ویمن لیگ اور شہدائے انقلاب کی فیملیز بھی پروگرام میں شریک ہوئی۔

پروگرام میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ معاشی اور سیاسی سطح پر زوال کا شکار ہے، جس کی وجہ امت کے ہاتھ سے سیاسی و معاشی قیادت کا چھن جانا ہے۔ آج امت مسلمہ کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔ عروج کے لیے امت کو تاجدار کائنات کے در و چوکھٹ کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے، جو اسے زوال سے نکال دے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں امت سیاسی و معاشی زوال میں مبتلا ہے تو وہیں پاکستانی قوم کا بھی ہر پہلو زوال پزیر ہے، چاہے منبر و محراب ہو یا سیاسی میدان ہو، ہر طرف قوم زوال کا شکار ہے۔ اس زوال کی بنیادی وجہ ہمارے عقائد و فکری نظریات ہیں، جو قرآن و صاحب قرآن سے ہٹ چکے ہیں۔ امت کا ایک طبقہ سیاست کو قرآن سے جدا کر رہا ہے، دین کو دنیا سے الگ کر رہا ہے۔ ایسے میں ہماری عبادات بھی بے جان رسومات پر مبنی ہو چکی ہیں، جس کے انسانی زندگی پر کوئی اثرات دکھائی نہیں دیتے۔

دوسری جانب امت مسملہ کے داعیین کی دعوت بے اثر ہو چکی ہے۔ سیاسی، مذہبی غرضیکہ ہر سطح پر خطباء کے خطابات روح سے خالی ہو گئے۔ ایسا اس وجہ سے ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے علم الوحی یعنی قرآنی علوم نازل کیے تو یہ ایک نتیجہ خیز علوم تھے، لیکن ہم نے قرآن علوم کو بھی تاویل و تشریح اور تفسیر کا علم بنا دیا۔ ہم نے اس دنیا کو علم القرآن سے الگ کر کے اسے صرف آخرت کے اجروثواب تک محدود کر دیا۔

حقیقت یہ ہے کہ قرآن کی تعلیم اور وحی محض آخرت کے ثواب کے لیے نازل نہیں ہوئی بلکہ تاجدار کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے قرآن کی ایک ایک آیت کا نتیجہ اسی دنیا میں حاصل کیا۔ آقا علیہ السلام نے اپنے 23 سالہ دور نبوت اور 10 سالہ مدنی دور اقتدار میں ہر قرآنی پہلو پر عمل کر کے دکھایا۔ آپ نے مدینہ میں مواخات قائم کر کے مضبوط معاشی سسٹم دیا، جس نے معاشی زوال ختم کر دیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایثار و قربانی دینا سکھائی اور لوگوں کو اس دنیا میں دوسروں کے لیے جینا و مرنا سکھا کر امت کو ایک مضبوط سیاسی وحدت کا درجہ دیا۔ آج ہمیں ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنے زوال کو عروج میں بدلنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسی سیاسی و معاشی فکر کو عام کرنے میں پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرح حقیقی اسلامی، فلاحی، آئینی و قانونی ریاست دیکھنا چاہتے ہیںِ جہاں سب کے حقوق و فرائض کا توازن ہو۔

پروگرام میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ آخر میں شیخ الاسلام کی صحت و سلامتی کے لیے دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top