فلسطینی عوام کیلئے عرب لیگ اور ہیومن رائٹس واچ کا نوٹس خوش آئند ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

قندوز کے واقعہ کی غیر جانبدار انکوائری کروائی جائے، طاقت کا بے رحم استعمال بند کیا جائے
کشمیر میں بھی ریاستی تشدد بند ہونا چاہیے، انسانی حقوق کا احترم کیا جائے، بیان

لاہور (5 اپریل 2018) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ عرب لیگ اور ہیومن رائٹس واچ کی طرف سے غزہ میں معصوم اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی طرف سے طاقت کے بے رحم استعمال کی مذمت اور عالمی عدالت انصاف سے غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ خوش آئند ہے، خوشی ہے اہم ترین فورمز سے فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز بلند ہوئی، اب وقت آ گیا ہے کہ انفرادی، گروہی دہشتگردی کے ساتھ ساتھ ریاستی دہشتگردی کا راستہ بھی روکا جائے، انسانیت کی بقا اور امن کیلئے ذمہ دار ممالک کو اپنا تعصب اور ہر طرح کے امتیاز سے پاک کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ قندوز میں وحشیانہ بمبارمنٹ کے نتیجے میں طلباء کی شہادتوں پر بھی دلی افسوس ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی طاقت کے بے رحم استعمال سے دہشتگردی کو ہوا ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قندوز واقعہ کی بھی غیر جانبدارانہ انکوائری ہونی چاہیے اور اس معاملہ کا بھی ہیومن رائٹس واچ نوٹس لے، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کشمیر میں معصوم شہریوں کے خلاف ریاستی تشدد بند ہونا چاہیے، انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جس کی لاٹھی اسکی بھینس‘‘ والا قانون نافذ کرنے والے اس سوچ کے مضمرات سے اچھی طرح واقف ہیں، انسانی حقوق کے احترام کے عالمی چارٹر پر عمل کر کے اور تسلیم شدہ سیاسی تنازعات حل کر کے دنیا کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اقوام متحدہ کا کردار اہم ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top