منہاج القرآن ای لرننگ اسلامی کورسز کی جدید عمارت کا افتتاح

مورخہ: 31 مئی 2018ء

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام بین الاقوامی اسلامک ای لرننگ پروگرام کی نئی بلڈنگ کا افتتاح ہو گیا اور 28 ممالک میں 50 سے زائد سکالرز نے 500 خاندانوں کو دینی تعلیم کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن اور ہدایات کے مطابق دنیا بھر میں مسلم خاندانوں کے بچوں کو آن لائن اسلامی تعلیمات فراہم کرنے کے حوالے سے منہاج ای لرننگ اسلامک تربیتی پروگرامز وضع کیا گیا تھا جس کے تحت اس وقت 28 ممالک میں آن لائن قرآن و حدیث اور دیگر اسلامی علوم کی تعلیم دی جارہی ہے۔

ای لرننگ پروگرام کے ڈائریکٹر مقصود نوشاہی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا منہاج ای لرننگ پروگرام کے تحت آن لائن اسلامی تعلیم مہیا کی جا رہی ہے۔ علوم دینیہ کی درس و تدریس کا یہ عالمگیر آن لائن پروگرام 24 گھنٹے جاری رہتا ہے اور 50 سے زائد سکالرز مختلف اوقات کار میں دیار غیر میں مسلم خاندانوں کے بچوں کو قرآن پاک، عقائد، سیرت النبی ﷺ، ناظرہ قرآن، ترجمہ و تفسیراور عربی گرائمر کورسز کروا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق 8 سال قبل درس و تدریس کے اس عظیم اور جدید طریقہ تدریس کا آغاز کیا گیاتھا اور 8 سالوں میں 2 ہزار سے زائد خاندانوں کے بچوں اور بچیوں کو قرآن پاک کی تعلیم دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ای لرننگ کے اس پروگرام کا دائرہ اب سنٹرل ایشیا تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلم خاندانوں کی اس ضمن میں بہت بڑی ڈیمانڈ ہے اور ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ای لرننگ پروگرام کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیں اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو علوم دینیہ سے بہرہ مند کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علم، تحقیق اور امن کی عالمگیر تحریک ہے۔ 100 سے زائد ممالک میں اسلامک سنٹرز بھی اسلام اور پاکستان کے پر امن پیغام کو عام کرنے میں پیش پیش ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top