منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام اجلاس، مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی شرکت

مورخہ: 31 مئی 2018ء

حکومت پاکستان سردار چرن جیت سنگھ کے قتل کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائے: مطالبہ
قتل کی اندوہناک واردات کے ملزمان کو گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے: اجلاس میں مطالبہ
سردار چرن جیت سنگھ اس دھرتی کے بیٹے، ممتاز پاکستانی شہری تھے: سہیل احمد رضا
آئین پاکستان تمام مذاہب اور ان کے پیروکاروں کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے
سردار بشن سنگھ، سردار کلیان سنگھ، پنڈت بھگت لال، ڈاکٹر جیمز چنن، پاسٹر جوزف و دیگر کا اجلاس سے خطاب

لاہور (31 مئی 2018) منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنزکے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں احترام مذاہب، بین المذاہب رواداری اور امن عالم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کی جبکہ مسیحی رہنما ڈاکٹر جیمز چنن، پاسٹر جوزف، ریورنڈ مرقس فدا، ہندو رہنماء ڈاکٹر منوہر چاند، پنڈت بھگت لال، ارون کمار، پنڈت امر ناتھ رندھاوا، سکھ رہنما سردار بشن سنگھ، سردار رمیشن سنگھ، سردار کلیان سنگھ، سردار صاحب سنگھ، سردار جنم سنگھ، ثناء اللہ خان، شہزاد رسول قادری، علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر موجود تھے۔

اجلاس میں موجود رہنماؤں نے سکھ رہنما سردار چرن جیت سنگھ کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سردار چرن جیت سنگھ سکھ برادری کے ممتاز رہنماء تھے۔ تمام مذاہب کے رہنماء قتل کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے کہا کہ سردار چرن جیت سنگھ کے قتل سے ملک ایک مخلص اور محب وطن سکھ رہنماء سے محروم ہو گیا۔

اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت تمام مذہبی اقلیتوں کے رہنماؤں کو تحفظ فراہم کرے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل احمد رضا نے کہا کہ ریاست پاکستان اقلیتی رہنماؤں کے جان و مال اور عزت کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ پاکستان وہ اہم ملک ہے جس میں تمام مذاہب اور انکے پیروکاروں کا احترام کیا جاتا ہے۔ تحریک منہاج القرآن سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سردار چرن جیت سنگھ نے ہمیشہ سکھ برادری انکے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی، سہیل احمد رضا نے کہا کہ حکومت پاکستان سردار چرن جیت سنگھ کے قتل کے پس پردہ محرکات کو سامنے لائے، قتل کے اندوہناک واردات کے ملزمان کو گرفتار کرکے کٹہرے میں لایا جائے، آئین پاکستان کے تحت بلا امتیاز رنگ ونسل مذہب و علاقہ تمام شہری مساوی حقوق رکھتے ہیں، آئین پاکستان تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، سردار چرن جیت سنگھ اس دھرتی کے بیٹے اور ممتاز پاکستانی شہری تھے، اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جیمز چنن نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے حوالے سے ایک توانا آواز ہیں، انہوں نے ہمیشہ بین المذاہب رواداری اور برداشت کا پیغام دیا ہے، سردار چرن جیب سنگھ کا قتل افسوسناک واقعہ ہے، اس اندوہناک سانحہ پر پاکستانی قوم افسردہ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top