نیک دوست اور اللہ پر بھروسہ برائی سے بچنے کا نسخہ کیمیا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین
حرص انسان کو مشکلات کی گرداب میں پھنساتی ہے، اخروی زندگی کو یاد رکھا جائے
گناہوں سے بچنے کیلئے اولیاء اللہ نے 8 چیزیں بتائیں، منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں تربیتی خطاب
لاہور (10 جون 2018) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں مختلف تربیتی حلقہ جات میں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول ﷺ کیلئے فرصت کی گھڑیوں کا مل جانا بہت بڑی سعادت اور خوش نصیبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غفلت سے بیداری کے کچھ تقاضے ہیں جن پر اگر عمل پیرا نہ ہو اجائے تو انسان گناہوں اور فسق و فجور کی طرف چلا جاتا ہے۔ گناہوں سے بچنے کیلئے اولیاء اللہ نے 8 احتیاطیں تجویز کی ہیں۔
- اعمال صالح والے نیک دوست بنائیں، برے دوست گمراہی کی طرف دھکیلتے ہیں۔
- اندھا دھند خواہشات کی پیروی سے اجتناب کیا جائے۔
- اللہ کی راہ میں کرچ کرنے کی عادت اپنائیں کیونکہ جو مال ہمارے پاس ہے ہو تباہ ہو جائے گا جو اللہ کے نام پر دیا جائے گا وہ باقی رہے گا۔
- اللہ کے ہاں قدر و منزلت کا معیار تقویٰ ہے متقی انسان حلال حرام میں تمیز کرتا ہے، یہی تمیز کامل ایمان کی نشانی ہے۔
- اللہ کی عطا پر راضی رہیں جو اللہ نے دے دیا اس پر قناعت کریں، وہی آپ کیلئے کافی اور بہتر ہے۔
- صرف شیطان کو اپنا دشمن سمجھیں ایک دوسرے سے محبت کا معاملہ رکھیں اگر نفرت کرنی ہے تو شیطان سے کریں۔
- حرص و ہوس سے دور رہیں، حرص اور لالچ انسان کو مشکلات کے گرداب میں پھنساتا ہے۔
- صرف اللہ پر بھروسہ رکھیں وہی نفع اور نقصان پر قدرت رکھتا ہے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ہم جسمانی بیماری سے بچنے کیلئے ڈاکٹر کی ہدایت پر عمل کرتے ہیں، پرہیز کرتے ہیں، ضرر رساں خوراک اور ماحول سے بچتے ہیں اسی طرح روحانی عوارض سے بچنے کیلئے قرآن و سنت اور اللہ کے انعام یافتہ بندوں نے جو علاج اور پرہیز تجویز کیا ہے اس پر عمل کیا جائے کسی بھی مسلمان کی منزل آخرت ہے، آخرت کی تیاری سے غافل رہنے والے خواب غفلت سے بیدار ہوں اس عارضی زندگی پر انحصار کم کر دیں اور سچے دل سے اللہ اور اسکے رسول سے لو لگائیں اور دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹیں۔
تبصرہ