عوامی تحریک ویمن لیگ کا ماہانہ تنظیمی اجلاس

مورخہ: 29 جون 2018ء

مریم نواز حق مانگنے والی ورکرز خواتین کا سامنا کیوں نہیں کر رہیں؟ عوامی تحریک ویمن لیگ
سربراہ عوامی تحریک 30 جون کو برطانیہ نیلسن نارتھ زون میں ویمن لیگ کی تاریخی کانفرنس سے خطاب کرینگے
شریف برادران نے قوم کی بیٹیوں تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کو قتل کروایا: فرح ناز، افنان بابر
ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کاانجام شیخ مجیب کے خاندان سے مختلف نہیں ہوگا: شاکرہ چودھری
پنجاب کا بیڑہ غرق کرنے والے شہباز شریف اب پاکستان کو تباہ کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، عائشہ مبشر
لیگی ورکرز کی آنکھیں کھل گئیں دیگر بھی خواب غفلت سے بیدار ہوں : زینب ارشد کا اجلاس سے خطاب

لاہور (29 جون 2018) پاکستان عوامی تحریک ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز کہا ہے کہ مریم نواز حق مانگنے والی اپنی ہی پارٹی کی ورکرز خواتین کا سامنا کرنے کی بجائے بیرون ملک کیوں بھاگ گئیں؟ آئیں اور خواتین کا سامنا کریں، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ درحقیقت کرپٹ شریف خاندان کو بھاگنے دو کا نعرہ تھا، ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام شیخ مجیب کے خاندان سے مختلف نہیں ہوگا۔

وہ ماہانہ تنظیمی اجلاس سے خطاب کررہی تھیں، اجلاس میں افنان بابر، شاکرہ چودھری، عائشہ مبشر، زینب ارشد، ام حبیبہ و دیگر رہنما خواتین نے خطاب کیا۔ تنظیمی اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تعلیمی، تربیتی، دورہ یورپ اور آئندہ نسلوں کی کردار سازی اور تربیت کے حوالے سے انسان کی اخلاقی و روحانی ترقی کے موضوع پر کانفرنسز کے انعقاد پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جملہ تنظیمات کے ذمہ داران کو مبارکباد دی۔

فرح ناز نے بتایا کہ 30 جون کو برطانیہ میں نیلسن نارتھ زون میں ویمن لیگ کی عظیم الشان کانفرنس ہو گی سے جس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے، اس کے علاوہ 10 سے 12 اگست پہلا الہدایہ کیمپ ڈنمارک کوپن ہیگن میں ہوگا، دوسرا الہدایہ کیمپ 17 سے 19 اگست کے درمیان نیدرلینڈز میں ہو گا، اس میں یورپ بھر سے خواتین شریک ہوں گی۔

شاکرہ چودھری نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے آئندہ نسلوں کے مستقبل کو سنوارنے کیلئے اپنی زندگی کا ہر ہر لمحہ وقف کررکھا ہے جبکہ پاکستان کی کرپٹ اشرافیہ نے ہر لمحہ آئندہ نسلوں کی آنکھوں سے تعمیر ملت اور خوشحالی کے خواب چرائے، انہیں روزگار، تعلیم، انصاف اور صحت کی سہولتوں سے محروم کیا۔

افنان بابر نے کہا کہ ووٹ کو عزت دو کے نام پر مریم نواز کے جلسوں میں آنیوالی خواتین ورکرز عزت اور حق مانگ رہی ہیں، آج ان کی کوئی بات سننے والا نہیں، مریم نواز کہاں ہیں؟ آئیں اور ان ورکرز کی بات سنیں اور ان کے مطالبات پورے کریں، اب وہ والدہ کی بیماری کا بہانہ بنا کر بیرون ملک کیوں چھپی بیٹھی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کے بچے، بچے کا یہ وطیرہ ہے کہ یہ اپنے مطلب کیلئے سب کچھ پاؤں کے نیچے لے لیتے ہیں اور جب کوئی ان سے حق مانگے تو یہ فرعون بن جاتے ہیں۔

زینب ارشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیگی ورکرز کی آنکھیں کھل گئیں، قاتل، کرپٹ اور نااہل ن لیگ کو ووٹ دینے والے بھی خواب غفلت سے بیدار ہوں اور رہبروں کے روپ میں چھپے ہوئے راہزنوں کو پہچانیں، نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ اور ان کے خاندان کے بچے بچے اربوں کے ناجائز اثاثے بنائے، ملک لوٹا، غریب عوام کی خوشیاں لوٹیں، غریب کے بچے کو تعلیم اور غریب مریض کو سستے اور فوری علاج کی سہولت سے محروم کیا، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، یہاں تک کہ قبرستانوں کا پیسہ بھی اورنج ٹرین، میٹرو بسوں اور لاہور کی سڑکوں کی تزئین و آرائش پر خرچ کیا، اب بھی اگر عوام نے آنکھیں نہ کھولیں تو پھر ذلت و رسوائی ہی ان کا مقدر رہے گی۔

خواتین رہنماؤں نے کہا کہ ہماری بہنوں، تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کو ظالم، سفاک، کرپٹ اور بے حس شہباز شریف کے حواریوں نے قتل کروایا اور خون ناحق بہایا، انہیں اس کی سزا مل کررہے گی۔

عائشہ مبشر نے کہا کہ آج پنجاب کے غریب خاندان روزگار، بچے کی تعلیم اور علاج کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں، 80 فیصد سے زائد آبادی مہنگے پرائیویٹ ہسپتالوں اور ڈاکٹرز سے علاج کروانے کی سکت سے محروم ہے اور سرکاری ہسپتال ’’بچر خانوں‘‘ میں تبدیل ہو چکے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں صرف بے بس، لاچار اور غربت کی چکی میں پسے ہوئے مجبور مریض آتے ہیں۔ اشرافیہ کس ترقی اور شرافت کی بات کرتی ہے، جس شہباز شریف نے پنجاب کا بیڑہ غرق کیا وہ اب پورے پاکستان کا بیڑہ غرق کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔ ، انشاء اللہ تعالیٰ اب ان کا یوم حساب آئے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top