سپین: دہشت گردی انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پاکستانی کمیونٹی کے عشائیہ میں خطاب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے یورپ ٹوور کے دوران سپین آمد پر پاکستانی کمیونٹی نے آپ کے اعزاز میں پروقار عشائیہ کا اہتمام کیا، جو بارسلونا کے معروف قرطبہ ریسٹورنٹ میں 15 جولائی 2018ء کی شب منعقد ہوا۔ عشائیہ کا اہتمام منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین نے کیا تھا، سپین کی نیشنل اسمبلی میں پہلے مسلمان ممبر اسمبلی محمد شعیب اور ڈپٹی گورنر کاتالونیا (سپین) نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام میں سلسلہ شاذلیہ سے وابستہ سپیشن نژاد مسلمان مشائخ کے ایک وفد نے بھی شرکت کی۔

پروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ سعد نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول (ص) کی سعادت قدیر احمد خان نے حاصل کی۔ پروگرام میں محمد اقبال چوہدری نے اعشایئے کے شرکاء مہمانوں اور تنظیمات کا تعارف کروایا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری دنیا کو امن کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی و انتہاء پسندی آج انسانیت کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ انہوں نے واضع کیا کہ دہشت گردی ایک رویہ ہے جو انتہاء پسندی سے جنم لیتا ہے، انتہاء پسندی تنگ نظری سے وجود میں آتی ہے۔ تنگ نظری علاقائی، مذہبی، لسانی اور سیاسی بھی ہو سکتی ہے۔ تنگ نظری سے تعصب کا رویہ جنم لیتا ہے اور تعصب انسانوں کے درمیان نفرت پیدا کرتا ہے۔ نفرت امن کو جلا دیتی ہے۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ دہشت گردی چاہے سپین میں ہو، فرانس میں ہو، یوکے میں ہو، امریکہ میں ہو، پاکستان، عراق، شام، افغانستان سمیت دنیا کے کسی بھی ملک میں ہو تو یہ دہشت گردی ہے۔ دہشت گردی کا دنیا میں کوئی مذہب نہیں کیونکہ دہشت گردی خود انسانیت کی دشمن ہے۔ جو چیز انسانیت کی دشمن ہے تو وہ مذہب کی بھی دشمن ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آج دہشت گردی و انتہاء پسندی کا کاونٹر نیریٹیوو بھی معلوم ہو۔

شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ انہوں نے ایک ہزار سے زائد کتب لکھیں جن میں سے 6 سو چھپ چُکی ہیں اور ان میں پچاس سے زائد کتب دہشتگردی کے موضوع پر ہیں۔ آخر میں آپ نے سپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سپین حکومت نے جس طرح آپ کو رہن سہن کیلئے حقوق دیئے آپ بھی ان کے قانون کی پاسداری کریں۔ معاشرے میں ایک سوسائٹی بننے اور انسانیت کی خدمت کے لیے کام کریں۔

اس موقع پر سپین میں پہلے مسلمان ممبر نیشنل اسمبلی محمد شعیب نے بھی عشائیہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری ہمارے لیے ہی نہیں پورے سپین کیلئے اہم شخصیت ہیں، ہم منہاج القرآن کی تقریبات میں بڑے عرصے سے شامل ہو رہے ہیں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

سابق گورنر اور موجودہ ڈپٹی گورنر کاتالونیا مونسرات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی سالوں سے پاکستانی برادری کے ساتھ منسلک ہیں پاکستانیوں کی سپین کمیونٹی کے حوالے سے کافی خدمات ہیں، سابق گورنر مونسرات نے صدر سپین پیدرو سانچیت کا پاکستان میں دہشتگردی کے حوالے سے پیغام بھی پڑھ کر سُنایا اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے نصاب کو ہسپانوی زبان میں ترجمے کے ساتھ شائع کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

پروگرام کے آخر میں سلسلہ شازلیہ سے تعلق رکھنے والے مشائخ کے وفد نے شیخ الاسلام کی موجودگی میں حلقہ درود و ذکر بھی قائم کیا۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top