ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو ہمیشہ ادب و امن سکھایا: مظہر علوی

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا عبرت ناک انجام دیکھ رہے ہیں: صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ

لاہور (10 اکتوبر 2018) منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا ہے کہ سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نوجوانوں کو ہمیشہ ادب و امن سکھایا۔ پوری زندگی نوجوانوں کی کردار سازی پر صرف کی۔ نوجوانوں کی علمی و عملی تربیت کیلئے جدوجہد کی۔ امت مسلمہ کو انتہا پسندی کے خلاف متبادل بیانیہ اور امن نصاب دیا۔ ملک کو لاقانونیت اور بد امنی سے دودچار کرنے والے حکمرانوں نے تحریک منہاج القرآن کے بے گناہ کارکنوں کو شہید کیا، 90 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کیا، خواتین کی لاشیں گرائی گئیں، ہم پر انصاف کے دروازے بند کر دیئے گئے پھر بھی ڈاکٹر طاہرالقادری کے تربیت یافتہ امن کے سفیروں نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔ انصاف کیلئے کل بھی عدلیہ کی طرف دیکھ رہے تھے اور آج بھی عدلیہ سے ہی انصاف مانگ رہے ہیں۔ ان شا اللہ اسی دنیا میں بے گناہوں کے بہنے والے خون کا حساب ہو گا اور انصاف بھی ملے گا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے ماہانہ اجلاس سے خاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر منصور قاسم اعوان، حاجی فرخ، عمر اعوان، شیخ عتیق الرحمان، ہارون ثانی، شعیب احمد و دیگر بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہاکہ پاکستان کے عوام اداروں اور محب وطن سیاستدانوں کو یہ بات اب سمجھ میں آ گئی ہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری ہی وہ واحد قیادت ہیں جنکا پیغام علم اور امن ہے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوموں کی آہیں اور سسکیاں عرش تک پہنچ گئی ہیں۔ آج وقت کے فرعون قدرت کی گرفت میں ہیں۔ قاتل، لٹیرے اور چور گلیوں، سڑکوں پر آہ و بکا اور واویلا کر رہے ہیں، یہ سب تو ابھی ابتدا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء بے گناہوں کے قاتلوں کاعبرت ناک انجام دیکھ رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top