میثاق مدینہ کی دستاویز آج بھی بین الاقوامی امن کی ضمانت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

اسلام میں فسادفی الارض کی کوئی گنجائش نہیں، میثاق مدینہ امن اور تحفظ کی مسلمہ اقدار کے تحت تحریر ہوا
دنیا صرف امن کی بنیاد پر اپنی بے مثال ایجادات اورترقی کا تحفظ کر سکتی ہے: صدر منہاج القرآن

لاہور (26 اکتوبر 2018) صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ صرف امن کی بنیاد پر دنیا اپنی بے مثال ایجادات، ترقی اور انسانی اقدار کا تحفظ کر سکتی ہے، بین المذاہب و بین الاقوامی رواداری اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے میثاق مدینہ کی 1400 سال پرانی دستاویز آج بھی بین الاقوامی امن کی ضمانت اورنسخہ کیمیا ہے، اسلام میں فساد فی الارض کی کوئی گنجائش نہیں، میثاق مدینہ امن اور تحفظ کی مسلمہ اقدار کے تحت تحریر ہوا، وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں سینئر رہنماؤں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے گفتگو کررہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ پیغمبر امن حضرت محمد ﷺ نے اہل کتاب کو جان، مال، آبرو کے تحفظ، مذہبی عقائد، اقدار اور روایات کے احترام کی بنیاد پر انسانیت کے ناطے سے بین الاقوامیت کی لڑی میں پرویا، امن اور تحفظ چاہنے والوں کو امت واحدہ کہا، انہوں نے کہا کہ اسلام فسادفی الارض سے دور رہنے والوں کو پسند کرتا ہے اور زمین پر فساد کرنے والوں، نا حق خون بہانے والوں کو قابل گردن زدنی سمجھتا ہے، انہوں نے کہا کہ جملہ مذاہب کے پیروکار انسانی زندگی کو تحفظ دینے والی ایجادات اور طبی تحقیقات کے نتیجے میں تیار ہونے والی ادویات سے بلاتعصب استفادہ کرتے ہیں، کوئی انسان جان بچانے والی ادویات کا استعمال کرتے وقت دوائی ایجاد کرنے والے کے مذہب اور عقیدے کے بارے میں سوال نہیں کرتا یہی انسانیت اور بین الاقوامیت ہے، آج ہم اس گلوبل ورلڈ کا حصہ ہیں جہاں جدید ابلاغی ذرائع نے اسے ایک گاؤں کی شکل دے دی ہے۔ کوئی بھی معاشرہ کسی سے کٹ کر اپنی ترقی اور اپنے وجود کو قائم نہیں رکھ سکتا، اس لیے آج جنگ کی بجائے امن کی بات کی جائے، توڑنے کی بجائے جوڑنے کی بات کی جائے اور دنیا کے ہر مذہب اور معاشرے کیلئے میثاق مدینہ کی دستاویز اور ریاست مدینہ ایک بہترین ماڈل ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1400 سال کی تاریخ میں یہ پہلا بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے تحریر کرتے وقت احترام انسانیت اور امن بقائے باہمی کو ملحوظ خاطر رکھا گیا، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام امن کا پیامبر اور محافظ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top