35ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان ہوگی، منہاج القرآن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ

اجازت کیلئے درخواست دے دی ہے، کمیٹیاں تشکیل، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری صدارت کرینگے
پیغمبر اسلام نے انسانیت کو جمہوریت، مساوات اور اخوت کا درس دیا، خرم نواز گنڈا پور کا انتظامی اجلاس سے خطاب
اجلاس میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم، جی ایم ملک، جواد حامد، علامہ فرحت حسین شاہ، نور اللہ صدیقی، فرح ناز، عرفان یوسف، سہیل رضا، شہزاد رسول و دیگر کی شرکت

لاہور (29 اکتوبر 2018) تحریک منہاج القرآن کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں35 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد کرنیکا فیصلہ کیا گیا، عالمی میلاد کانفرنس کی صدارت قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کرینگے، کانفرنس کی اجازت کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کو تحریری درخواست دے دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ پیغمبر اسلام نے انسانیت کو جمہوریت، مساوات اور اخوت کا درس دیا آپکی زندگی انسانیت کیلئے اعلیٰ ترین نمونہ ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اللہ کی توفیق سے ہر سال ولادت باسعادت کی نسبت سے عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد یقینی بنایا اور میلاد کلچر کو عام کیا اور عشق مصطفی ﷺ کی شمعیں گھر گھر، گلی گلی میں روشن کیں اور نوجوانوں کے دلوں کو سیرت النبی ﷺ اور عشق مصطفی ﷺ کی روشنی سے ہم آہنگ رکھا۔

اجلاس میں بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم، جی ایم ملک، سید مشرف شاہ، جواد حامد، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، نور اللہ صدیقی، فرح ناز، عرفان یوسف، سہیل رضا، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم، طیب ضیا و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ امسال اندرون بیرون ملک سے بڑی تعداد میں علماء مشائخ و دیگر مذاہب کے نمائندے شرکت کرینگے۔

نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ نبی آخر الزماں ﷺ نے انسانیت کو عالمگیر اخوت کا درس دیا اور دنیا کو واحدانیت و مساوات کے اصول سکھائے، آپ ﷺ کی زندگی اخلاق عالیہ اور ایثار و قربانی کا بے مثال نمونہ تھی۔

نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم نے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ایک ایسے نبی مکرم ﷺ کے امتی ہیں جنہوں نے ذات پات، رنگ و نسل، حسب نسب کی تفریق ختم کر کے فضیلت و برتری کا پیمانہ تقویٰ و کردار متعین کیا۔

علامہ فرحت حسین شاہ نے کہاکہ دنیا کی تاریخ کے عظیم المرتبت انقلابی اور پیغمبر امن حضرت محمد ﷺ نے غلام کو آقا کے برابر بٹھایا، عورتوں، مزدوروں، جانوروں، پرندوں سمیت کمزور طبقات کے حقوق متعین کئے اور نہیں باوقار سماجی مقام دیا۔ انہوں نے کہاکہ پیغمبر اسلام ﷺ نے جس توحید کا درس دیا اسکی کوئی دوسری مثال پیش نہیں کی جا سکتی۔

جی ایم ملک نے کہاکہ جس نے بھی تعصب کی عینک اتار کر سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ کیا وہ اپنی آنکھوں کو نم ہونے سے نہیں روک سکا، انہوں نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے پروگرامز، کانفرنسز کا انعقاد پیغمبر اسلام کی صورت میں میسر آنیوالی اللہ کی بیش قدر نعمت کے اظہار تشکر کا خوبصورت ذریعہ ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top