منہاج القرآن ڈربن کے رابطہ سیکرٹری علی حسین قریشی کی دادی اور مجتبیٰ اسلام کی والدہ کی رسم قل و محفل ایصال ثواب

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈربن کے رابطہ سیکرٹری علی حسین قریشی اور مجتبی اسلام کی والدہ ماجد ہ کی دادی جان مرحومہ کی رسم قل پر ایصال ثواب کی محفل 28 اکتوبر 2018 کو منعقد ہوئی۔ مرحومہ کا انتقال دو روز قبل پاکستان میں ہوا تھا۔

محفل ایصال ثواب کا آغاز ختم القرآن سے ہوا، جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی سعادت چوہدری ذاکر رفیق اور محمد عباس نے حاصل کی۔ ثنا خوان مصطفے شبیر احمد نے نعت رسول مقبول ﷺ، منقبت حضور غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ اور میاں محمد بخش رحمۃ اللہ علیہ کا عارفانہ کلام اپنی پیاری آواز میں پیش کیا۔

محفل میں علامہ طاہر رفیق نقشبندی صدر منہاج القران نٹال ساوتھ افریقہ نے ایصال ثواب کے موضوع پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب مسلمانوں کا دعوی ہے کہ ہمارے ہیرو اللہ کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں مگر دیکھنا یہ ہے کہ ہم میں سے کتنے احباب اپنے ہیرو کی زندگیوں کا حصہ اپناتے ہیں۔ ہم میں سے کتنوں نے آپ کے اخلاق کو اپنایا ہے۔ ہم اپنے والدین اور امت محمدیہ کا کتنا ادب و احترام اور ان کے حقوق کا خیال رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب اس دنیا میں مسافر ہیں، ہمیں آخرت کی بھر پور تیاری کرنی چاہئے تاکہ قبر اور حشر میں شرمندگی نہ ہو۔ ہمیں اس عظیم مشن منہاج القرآن انٹر نیشنل کے ساتھ ملکر شیخ الاسلام کی سرپرستی میں اسلام کا پیغام امن اور عشق مصطفے ہر خاص وعام تک پہنچانا ہے۔

پروگرام کے اختتام پر شبیر بھائی نے درود وسلام پڑھا اور علامہ طاہر رفیق نقشبندی نے امت مسلمہ کے تمام مرحومین اور بالخصوص مجتبی اسلام کی والدہ مرحومہ کی بخشش و مغفرت اور بلندی درجات کے دعا کرائی۔ پروگرام کے بعد نماز مغرب باجماعت ادا کی گئی۔

اس پروگرام میں تحریک کی تنظیمات کے عہدیداران اور ممبران کے علاوہ پاکستانی بزنس کمیونٹی نے دور دراز علاقوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈا کٹر عرفان احمد جنرل سیکریٹری MQI پورٹ شپسٹن، ڈاکٹر محمد افضل اسد حسینی پائن ٹاون، ملک محمداکرام، احمد، محمد اشرف اور عابد منیر صدر MQI ساوتھ بیچ نے بھی محفل میں خصوصی شرکت کی۔ علی قریشی نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا اور انہیں کھانا پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top