قرآن قیامت تک کیلئے انسانیت کا دستور حیات ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد منہاج القرآن کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی ایوان اقبال میں ہوگی
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت جید علمائے کرام، مشائخ، سینئر صحافی اور سیاسی رہنما شریک ہوں گے

لاہور (02 دسمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تالیف کردہ 8 جلدوں پر مشتمل جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی 3 دسمبر 2018 ایوان اقبال لاہور میں ہو گی۔ تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت سینئر سیاستدان، علماء مشائخ، صحافی اور تمام مکتب فکر کے نمائندگان شریک ہوں گے۔ تقریب کا آغاز 12 بجے دن ہو گا۔

قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن علماء کونسل کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید قیامت تک کیلئے انسانیت کا دستور حیات اور قانون فطرت ہے۔ قرآن مجید میں انسانیت کو درپیش چیلنجز اور مسائل کا حل موجود ہے۔ قرآن اتحاد امت اور امن عالم کی بنیاد اور ضمانت فراہم کرتا ہے۔ منہاج القرآن رجوع الی القرآن کی تحریک ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن فہمی میں انسانیت کی معراج اور قرآن سے گریز میں زوال ہے۔ قرآن مجید نے انسانی جان کے تحفظ کو مقدم قرار دے کر اور حقوق و فرائض کا تعین کر کے بین الاقوامی پر امن معاشرے کی بنیاد رکھی۔ قرآنی علوم کے فروغ میں اسلام کی نشاۃ ثانیہ اور ترقی و عروج ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تکمیل کی توفیق پر میں اللہ تعالیٰ کا شکرگزار اور سر بسجود ہوں۔ آج مادی سوچ اور دنیوی حرص و ہوس نے لوگوں کو قرآن مجید پر غور و فکر کی رغبت محروم کر دیا ہے، آج امت کے اجتماعی زوال کے اسباب میں قرآن سے دوری سر فہرست ہے۔ قرآن مجید کی حقیقی تعلیمات پر عمل کر کے عالم اسلام انتہا پسندی، دہشتگردی، غربت و جہالت سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top