منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام قرآن کانفرنس، اہم شخصیات کی شرکت

مورخہ: 28 مارچ 2019ء

قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے نوجوان قرآنی فہمی کی طرف راغب ہو رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا 5 ہزار موضوعات کا احاطہ کرتا ہے: مظہر علوی
تحریک منہاج القرآن تجدید دین کا فریضہ انجام دے رہی ہے : امیر لاہور حافظ غلام فرید
قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے نوجوان نسل قرآن حکیم کے حیات آفریں پیغام سے قریب آئے گی: اشتیاق حنیف مغل

لاہور (28 مارچ 2019) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کا منفرد انداز اور اسلوب آج تک کسی اور ادب میں پیدا نہیں ہو سکا، 1400 سال گزر گئے آج تک قرآن مجید میں ایک آیت ایک حرف کی حد تک کمی بیشی نہیں ہوسکی اور نہ کبھی کوئی کر سکے گا، اللہ تعالیٰ نے بعثت محمدی ﷺ اور نزول قرآن کے ذریعے انسانیت کو اوج ثریا تک پہنچایا۔ قرآن حکیم کو قیامت تک انسانیت کا دستور حیات اور قانون فطرت قرار دیا۔ آج اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ عوام الناس کو قرآنی فہمی کی طرف راغب کیا جائے۔ قائد منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا علوم قرآنی کا ایسا ذخیرہ ہے جو صدیوں تک امت مسلمہ اور نوع انسانی کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ وہ تحریک منہاج القرآن لاہور پی پی 162 (لاہور کینٹ) کے زیراہتمام ’’قرآن کانفرنس‘‘ اور قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی کے سلسلے میں منعقدہ پر وقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

نہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، نظام لاہور اشتیاق حنیف مغل، محمد اصغر ساجد، محمد زبیر گیلانی، حاجی فرخ، نورین علوی، افتخار بیگ، عمر اعوان، نواز قادری نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ قرآن کانفرنس میں علامہ قدوس درانی، علامہ اسلم بلوچ، علامہ حامد سعید، علامہ قمر الزمان صدیقی، محمد عارف قادری، الیاس قادری، محمد قاسم سمیت علمائے کرام، مشائخ عظام، مذہبی، سیاسی، سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا علمائے کرام، محقیقین کیلئے تو یقیناً اہم ہے لیکن اس تالیف کے مطالعہ سے نوجوانوں اور ہر مکتبہ فکر کے افراد کو بھی بڑی رہنمائی ملے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر لاہور حافظ غلام فرید نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن سلامتی، امن، بھائی چارے، بین المذاہب اور بین المسالک رواداری کے جذبوں کو قلوب و اذہان میں نقش کر کے اسلام کا حقیقی پیغام عام کر رہے ہیں۔ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآنی انسائیکلوپیڈیا تالیف کر کے ملت اسلامیہ کو عظیم تحفہ دیا ہے۔ منہاج القرآن تجدید دین کا فریضہ انجام دے رہی ہے تاکہ آنے والی نسلیں اسلام کے اصل پیغام سے آشنا ہو کر زندگی کے حقیقی مقصد کو سمجھ کر اسلام اور ملک و قوم کی سر بلندی کیلئے جدوجہد کریں۔

صدر یوتھ لیگ مظہر علوی نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف 8 جلدوں پر مشتمل قرآنی انسائیکلوپیڈیا 5 ہزار موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔ قرآنی انسائیکلو پیڈیا سے ان تمام لوگوں کو بہت مدد ملے گی جو متعلقہ موضوع کا علم تو قرآن حکیم سے چاہتے ہیں لیکن خود تلاش کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

ناظم لاہور اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے نوجوان نسل قرآن حکیم کے حیات آفریں پیغام سے قریب آئے گی۔ انہوں نے شاندار تقریب کے انعقاد پر پی پی 162 کی تنظیم کو مبارکباد دی۔ تقریب سے علامہ عبد القدوس درانی، صدر پی پی 162 افتخار بیگ، نواز قادری، حاجی فرخ، عمر اعوان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top