ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہی پر دلی افسوس کا اظہار

وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کی بحالی ومدد کیلئے ہنگامی اقدامات کریں
فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے وفاقی و صوبائی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں
کاشتکاروں کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے: سربراہ پاکستان عوامی تحریک

لاہور (17 اپریل 2019) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حالیہ بارشوں سے ہونیوالی تباہی، فصلوں کے نقصان اور انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ ہم وطنوں کے ساتھ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں متاثرہ خاندانوں کی بحالی ومدد کیلئے ہنگامی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، خیبرپختونخواہ، پنجاب اور سندھ میں حالیہ بارشوں، سیلاب کی وجہ سے ہونیوالی تباہی، فصلوں کے نقصان کا تخمینہ لگانے کیلئے وفاقی و صوبائی سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں۔ کاشتکاروں کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے۔ حالیہ سیلاب کی وجہ سے جتنی تباہی ہوئی ہے اسکی تفصیلات میڈیا پر جاری ہونی چاہئیں، عوام کو فوری اور درست معلومات ملنی چاہئیں تاکہ حکومت کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں میں فلاحی ادارے و مخیر حضرات بھی شریک ہو سکیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سیلاب سے مرنے والوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالیٰ سوگوار خاندانوں کو ہمت و حوصلہ دے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی تیار فصل برباد ہو گئی۔ سبزیوں اور چارے کے کھیت بھی بارشوں و سیلابی ریلوں کی زد میں آ گئے، سینکڑوں مویشی بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہو گئے، حکومت چھوٹے کاشتکاروں کے نقصان کا فوری ازالہ کرے، تباہ ہوجانیوالے مکانات کی تعمیر نو و بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top