منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک بھر میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری

مورخہ: 12 مئی 2019ء

نماز فجر کے بعد شروع ہونیوالے دروس قرآن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے
منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام بھی سینکڑوں مقامات پر دروس عرفان القرآن، لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت
قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط کر کے ہی ہم کامیاب اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں: علامہ منہاج الدین قادری
رجوع الی القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے: امیر لاہور حافظ غلام فرید کا درس عرفان القرآن سے خطاب

لاہور (12 مئی 2019ء) تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام لاہور سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے، نماز فجر کے بعد شروع ہونیوالے دروس قرآن میں مرد و خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی دروس عرفان القرآن میں شرکت کر رہی ہیں۔ منہاج القرآن علماء کونسل اور تحریک منہاج القرآن کی نظامت دعوت و تربیت کے سکالرز اپنے خطابات میں اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اس مہینے میں اگر صحیح معنوں میں محنت کر کے اپنے نفس کی تربیت کر لی جائے تو اسکا کوئی اور بدل نہیں ہو سکتا۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام بھی سینکڑوں مقامات پر دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے۔ پی پی 155 لاہور میں درس عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ منہاج الدین قادری نے کہا ہے کہ روزہ رضائے الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے، رحمتوں کی برسات اور دعاؤں کی قبولیت کا مہینہ ہے، لوگوں کی خدمت، رضائے الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے، رمضان المبارک کے ماہ مبارک میں جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دئیے جاتے ہیں، شیاطین کو جکڑ دیا جاتا ہے، بڑے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں رمضان المبارک آیا، انہوں نے کہا کہ ہ میں چاہیے کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کریں، دن کو روزہ رکھیں رات کو قیام کریں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ روزہ اور قرآن حکیم دونوں ہی قیامت کے دن بندے کے حق میں سفارش کرینگے۔ قرآن مجید کو پڑھنا، سمجھنا اور ارشادات ربانی پر عمل پیرا ہو کرہی ہم سچے مسلمان بن سکتے ہیں۔ قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق مضبوط کر کے ہی ہم کامیاب اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں۔

درس عرفان القرآن کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید نے کی، اس موقع پر محمد اصغر ساجد، محمد یعقوب رحمانی، محمد اصغر علی، ثاقب بھٹی، شاہد لطیف بٹ، عبد الرءوف بٹ، میاں عادل و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ غلام فرید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اسلام انسانیت کو سلامتی اور امن دینے والا مذہب ہے۔ رجوع الی القرآن تحریک منہاج القرآن کے اولین مقاصد میں سے ایک ہے۔

منہاج القرآن علماء کونسل اور نظامت دعوت وتربیت کے اسکالرز لاہور سمیت پورے ملک میں فہم قرآن کے لیے جو خدمات انجام دے رہیں اس سے معاشرے میں مثبت قدروں کے فروغ میں مدد ملے گی۔ منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام لاہور کے تمام پی پی حلقہ جات، یونین کونسلز میں سکالرز حصول تقویٰ، قرآن فہمی، قربت الہیٰ، ایثار، ختم نبوت و دیگر موضوعات پر دروس عرفان القرآن دے رہے ہیں۔ منہاج القرآن کے سکالرز معاشرتی مادیت پرستی کے فتنے کو قرآنی تعلیمات کے ذریعے ختم کر کے آئندہ نسلوں میں قرآن مجید کی محبت پیدا کر کے قرآن اور صاحب قرآن سے تعلق کو مضبوط کرنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top