زندگی کا کوئی شعبہ اسلامی تعلیمات کے دائرے سے باہر نہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین

اسلام آجر اور اجیر، مالک اور مزارع کے حقوق و فرائض کے بارے میں بھی رہنمائی دیتا ہے
چیئرمین سپریم کونسل کی جامع المنہاج میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد وفود سے گفتگو،گوشہ درود کا دورہ

لاہور (12جولائی 2019ء) چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ زندگی کا کوئی شعبہ تعلیمات اسلامی کے دائرے سے باہر نہیں ہے، لاعلمی اور تعصب کے باعث اسلام کے حوالے سے قدامت پسندی کا پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے، نوجوان قرآن و سنت اور سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطالعہ کو اپنے یومیہ معمولات کا حصہ بنائیں، ان پر علم و عمل کا ایک نیا جہان آشکار ہو گا۔ اسلام واحد دین اور ضابطہ حیات ہے جو آجر اور اجیر، مالک اور مزارع کے حقوق و فرائض کے بارے میں بھی مکمل رہنمائی مہیا کرتا ہے، اسلام ایفائے عہد، عزت و احترام پر مبنی باہمی تعلقات اور شفاف لین دین اور حقوق العباد کی بجا آوری پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع المنہاج میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق انصاف، تحفظ، لاء اینڈ آرڈر، تعلیم، صحت، روزگا ر کی فراہمی بذمہ ریاست ہے، جو ریاست فرد کے مذکورہ بالا سماجی تقاضوں کو پورا کرے گی وہ مثالی اور پرامن ہو گی۔ فرد کے مفاد، مسائل کو نظر انداز کرنے والی ریاست میں امن اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ اسلام کے یہ اصول عالمگیر اور آفاقی ہیں، جو معاشرے اسلام کے دئیے گئے ان اصولوں پر کاربند ہونگے وہ اسلامی ہوں یا غیر اسلامی وہاں خوشحالی اورامن ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اجتماعی اور انفرادی سطح پر بھی رہنمائی کرتا ہے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ ایک مسلمان کا دوسرے مسلمان کے ساتھ تعلق ایک عمارت کی طرح ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصے کو مضبوط کرتا ہے، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک ہاتھ کی انگلیاں دوسرے ہاتھ کی انگلیوں میں ڈالیں اور اس عمل سے سمجھایا کہ مسلمانوں کو اس طرح آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہنا چاہیے، ایک دوسرے کی قوت کا ذریعہ بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلامی ملکوں کا سب سے بڑا مسئلہ داخلی انتشار اور تفرقہ بازی ہے جس دن مسلمان مذکورہ بالا حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی روشنی میں یکجا ہو جائیں گے خوشحالی امن اور استحکام کا دور لوٹ آئے گا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے مرکزی رہنماءوں کے ہمراہ گوشہ درود کا بھی دورہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top