سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہوئی: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 03 اگست 2019ء

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی 9 اپیلیں مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، مانچسٹر میں گفتگو
قائد تحریک منہاج القرآن آج 4 اگست کو مانچسٹر میں قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی تقریب رونمائی سے خطاب کرینگے
ڈاکٹر طاہرالقادری کا تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا اردو کے بعد انگریزی میں بھی شائع ہو گیا ہے

لاہور/ مانچسٹر (3 اگست 2019) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف میں آج کے دن تک رتی برابر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، سانحہ کے انصاف کے حوالے سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کی 9 اپیلیں مختلف عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، نئی حکومت میں بھی کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، بہرحال سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے جدوجہد کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، 5 سال کا ہر دن انصاف کی جدوجہد کرتے گزرا، چوٹی کے وکلاء کے پینل انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لے کر سپریم کورٹ تک انصاف کیلئے چارہ جوئی کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانچسٹر الہدایہ کیمپ 2019ء کے دوسرے روز میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر پر نئی جے آئی ٹی بن گئی تھی اور اس نئی جے آئی ٹی نے 90 فیصد سے زائد اپنی تفتیش مکمل کر لی تھی اور اس کو روک دیا گیا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ جملہ قابل توجہ ہے کہ آج کے دن تک انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں رتی برابر پیشرفت نہیں ہونے دی گئی، جو حال پہلے تھا وہی آج ہے۔

دریں اثناء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مانچسٹر میں نوجوانوں کی نظریاتی، فکری تربیت اور عصری چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے منعقدہ الہدایہ کیمپ کے دوسرے اور آخری روز یورپ بھر سے آئے ہوئے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علم، عمل اور نیک نیتی یہ ترقی کے راستے ہیں، اگر علم ہے اور عمل نہیں ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا اور اگر علم بھی ہے، عمل بھی ہے اور نیت بھی نیک ہے تو یہ ایک کامیاب زندگی ہے، ہر شخص کو اپنے آپ سے یہ سوال کرنا چاہے کہ اس کی ذات، علم اور تجربے اور توانائی سے دوسروں کو کیا فائدہ پہنچ رہا ہے؟

الہدایہ کیمپ کے شرکاء نے اختتامی سیشن کے بعد خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی شکل میں یورپ میں ہمیں وہ تعلیم اور تربیت میسر ہے جو ہمارے اسلاف کا اوڑھنا بچھونا تھی، ہم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے شکر گزارہیں کہ جنہوں نے نئی نسل کو قرآن و سنت کی حقیقی تعلیم اور اسلام کے امن، محبت اور سلامتی والے پیغام سے جوڑ رکھا ہے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے بتایا کہ 4 اگست کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے 8 جلدوں اور 5 ہزار موضوعات پر مشتمل تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا اردو کے بعد انگریزی میں بھی شائع ہو گیا ہے جس کی 4 اگست کو مانچسٹر میں تقریب رونمائی ہورہی ہے، تقریب رونمائی میں یورپ میں مقیم ممتاز پاکستانی و برٹش سیاسی، سماجی، صحافتی شخصیات بھی شریک ہونگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top