’ایک بشر دو شجر‘ مہم کا خیر مقدم کرتے ہیں: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 19 اگست 2019ء

منہاج القرآن نے ’’شجر لگاءو اجر کماؤ‘‘ مہم شروع کر رکھی ہے: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
جنگلات کاٹنے والوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے چاہئیں

لاہور (19اگست 2019ء) تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلے میں مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پودے لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور، امیر لاہور حافظ غلام فرید و دیگر رہنماءوں نے پودے لگائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ’’ایک بشر دو شجر‘‘ مہم کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ منہاج القرآن اور عوامی تحریک پہلے ہی شجر لگاءو اجر کماؤ مہم چلا رہی ہے۔ ماحول کو صاف اور ٹھنڈا رکھنے کےلئے شجر کاری ضروری ہے۔ غیر قانونی درخت اور جنگلات کاٹنے والوں کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہونے چاہئیں۔ لاہور سمیت پورے ملک میں شجر کاری مہم چلائی جا رہی ہے، کارکنان اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ درخت ملک و قوم کا انتہائی قیمتی اور قابل قدر سرمایہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی دو پودے لگا کر ملک کو سر سبز بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل سے لے کر ڈویژن سطح تک سرکاری دفاتر میں اربوں روپے کے پودے لگائے جاتے ہیں۔ ان پودوں کی حفاظت نہ ہونے کی وجہ سے کبھی بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکے۔ ماحول اور موسم کو بہتر بنانے ملک کا 25 فی صد حصہ جنگلات پر مشتمل ہوناچاہیے۔ جنگلات کی مسلسل کٹائی اور مناسب منصوبہ بندی کے فقدان کی وجہ سے ملک میں جنگلات کم ہوتے ہوئے 4 فی صد کی خطر ناک حد کو پہنچ چکے ہیں۔ پاکستان میں درختوں کا رقبہ بڑھنے کی بجائے روز بروز کم ہو رہا ہے۔ حافظ غلام فرید نے کہا کہ ملک کی اقتصادی اور ماحولیاتی حالت کو سنوارنے میں درخت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جنگلات اور شجر کاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کےلئے موثر آگاہی مہم کی اشد ضرورت ہے۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن لاہور عملی کردار ادا کریگی تاکہ قدرت کے انمول تحفے کو بچایا جا سکے۔ منہاج القرآن اپنی مہم میں اپیل کرے گی کہ نئے درخت لگانے کے ساتھ ساتھ موجودہ درختوں کی کٹائی سے مکمل گریز کیا جائے۔ صحت مند درخت پر کلہاڑی چلانا خود اپنے ہی پاؤں پر کلہاڑی چلانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور پھر انکی دیکھ بھال بھی پوری ذمہ داری سے کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان میں جنگلات کے رقبے میں اضافہ اور ماحول میں بہتری آجائیگی۔ شجرکاری مہم کے موقع پر راجہ زاہد محمود، ثناء اللہ خان، رمضان ایوبی، میاں محمد حنیف، یونس نوشاہی، علامہ غلام ربانی تیمور و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top