اسلام آجر اور اجیر دونوں کے مفادات کا محافظ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

اسلام کے معاشی نظام میں محض منافع کمانے اور دولت کے ڈھیر جمع کرنے کی ممانعت ہے
تاجر برادری اور سماجی رہنماؤں کو منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا گیا
ہر سال کی طرح اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس مینا ر پاکستان پر منعقد ہو گی
تقریب سے چوہدری شہزاد رسول، حاجی محمد اسحق، الطاف حسین رندھاوا، راشد چوہدری و دیگر کا خطاب

لاہور (29 ستمبر 2019) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک منہاج القرآن کے شعبہ پبلک ریلیشنز اورعوامی تاجر اتحاد پاکستان کی طرف سے منعقدہ ظہرانہ میں شریک تاجروں اور مخیر حضرات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سچائی اور اچھی نیت کے ساتھ کیے جانے والے کاروبار میں اللہ کی مدد اور برکت بھی شامل ہو جاتی ہے۔ اسلام کے معاشی نظام میں محض منافع کمانے اور دولت کے ڈھیر جمع کرنے کی ممانعت ہے۔ اسلام آجر اور اجیر دونوں کے مفادات کا ضامن ہے۔ تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نظام معیشت میں جھوٹ بول کر زیادہ منافع کمانا، ذخیرہ اندوزی کرنا، کنزیومرز سے تلخ لہجے میں بات کرنا، ناقص مال فروخت کرکے واپس لینے سے انکار کرنا اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے نزدیک ایک ناپسندیدہ ترین عمل ہے۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے ظہرانے میں خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن چوہدری شہزاد رسول، عوامی تاجر اتحاد کے چیئرمین حاجی محمد اسحاق، صدر الطاف رندھاوا، حاجی منظور حسین، سیکرٹری جنرل راشد چوہدری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں آمد پر تاجر رہنماؤں اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

چوہدری شہزاد رسول نے کہا کہ دین اسلام نے محتاجوں، ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کرنے کا حکم دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن بلا امتیاز رنگ و نسل دکھی انسانیت کی خدمت کر رہی ہے، سینکڑوں سکولز، درجنوں کالجز، عالمی معیار کی یونیوسٹی، فری ڈسپنسریاں، آرفن ہومز، صاف پانی کے کنوئیں سب تحریک منہاج القرآن کی انسان دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کا احسان ہے سر زمین پاکستان پر عالم اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفرنس کا انعقاد بھی تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہے۔ منہاج القرآن کو اعزاز حاصل ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے میلاد کو ایک جشن اور ثقافت کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال بھی 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب تاجدار کائنات کا میلاد عقیدت، احترام، شان و شوکت اور خوشی سے منایا جائے گا۔ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریوں و انتظامات میں حصہ لینے اور خرچ کرنیوالے خوش قسمت لوگ ہیں۔ حضورﷺ کا میلاد منانا یقینا تاجدار کائنات ﷺ سے اظہار محبت ہے۔ چیئرمین عوامی تاجر اتحاد حاجی محمد اسحق نے کہا کہ زلزلہ ہو، سیلاب ہویا کوئی اور قدرتی آفت ملک میں ہو یا ملک سے باہر منہاج القرآن کے رفقاء و کارکنان نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت، متاثرہ لوگوں کی بحالی کےلئے دن رات جدوجہد کی۔ اللہ کی راہ میں مال خرچ کرنا، صدقہ، خیرات، زکوۃ تمام اعمال مال و وسائل کو محروم طبقات تک پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔

الطاف حسین رندھاوا اور راشد چوہدری نے تاجر رہنماؤں اور مخیر حضرات کو منہاج القرآن کے فلاحی منصوبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی، اس موقع پر ثاقب بھٹی، ارشد مغل، جنید وارثی، عامر اسحاق، شیخ عامر رفیع، علی بٹ، منصور بلال، ندیم بیگ، احمد صادق، حاجی اختر، وحید چوہدری، عامر یعقوب، شجاع الدین و دیگر معروف کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تاجر نمائندوں نے قائد تحریک منہاج القرآن کی کتاب اسلامی اقتصادیات تجارت اور اسلام کے معاشی نظام پر انتہائی مفید کتب تحریر کرنے اور حال ہی میں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طرف سے اسلامی اخلاقیات تجارت کے عنوان سے معلومات سے بھرپور کتاب تحریرکرنے پر مبارکباد دی۔ تاجر رہنماؤں نے کہا کہ اسلام نے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی مہیا کی ہے۔ تاجر رہنماؤں نے ریاست مدینہ کے موضوع پر پی ایچ ڈی کرنے اور اس ضمن میں ضخیم کتاب تحریر کرنے پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو بھی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top