منہاج القرآن کی عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہو گی، 50 انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں شروع کر دی گئیں، ڈاکٹر طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے
36ویں عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحادکے لیے ایک سنگ میل ثابت ہو گی: خرم نواز گنڈا پور
جید علمائے کرام، سیاسی، سماجی شخصیات اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے: ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ سرور کونین کی ولادت کے سب سے بڑے پروگرام کے میزبان ہیں: جواد حامد
اجلاس میں بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، رفیق نجم، رانا ادریس، رانا فیاض، نوراللہ صدیقی کی شرکت

لاہور (22 اکتوبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب شیڈول کے مطابق مینار پاکستان کے سبزہ زار پر ہو گی۔ کانفرنس کے انتظامات اور تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، 50 سے زائد انتظامی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، اجلاس میں تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

خرم نوازگنڈاپور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن جشن میلاد مصطفی ﷺ کو امن اور بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ مناتی ہے، آقائے دو جہاں ﷺ کے میلاد کی خوشی منانا ہر مسلمان پر فرض ہے، محسن کائنات حضور اکرم ﷺ سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں، حضوراکرم ﷺ پیغمبر امن ہیں اور اسلام دین امن و سلامتی ہے، انہوں نے کہا کہ 11اور 12ربیع الاول کی درمیانی شب عالم اسلام کی سب سے بڑی 36ویں عظیم الشان سالانہ عالمی میلاد کانفرنس منعقد ہو گی، دنیا بھر سے علمائے کرام، مشاءخ عظام، قراَ و نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی اہم مقتدر مذہبی شخصیات خصوصی شرکت کریں گی، عالمی میلاد کانفرنس سے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔

اجلاس میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، رانا فیاض احمد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، جواد حامد، حاجی منظور حسین، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، منصور قاسم، ثناء اللہ خان، طیب ضیاء، ریاض چودھری، فراز ہاشمی، سرفراز خان قادری، عارف چودھری، علامہ لطیف مدنی، الطاف رندھاوا، ثناء اللہ خان، قیصر محمود، سلطان محمود چودھری، سعید اختر، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر و دیگر نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ 36ویں عالمی میلاد کانفرنس امت مسلمہ کے اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے یقینا ایک سنگ میل ثابت ہو گی، عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام، ملک کی سیاسی، سماجی شخصیات اور مختلف مذاہب کے نمائندوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مینار پاکستان کے پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے گی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے نوجوان سکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کا سماں پید اکرنے کے لیے عوام الناس کو بھی اس مہم میں شامل کی جائے۔

اس موقع پر سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی رات ہر سال کی طرح اس سال بھی مینار پاکستان پر ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جائے گا، رات 7 سے 10 بجے تک ہر خاص و عام کے لیے کھانے کا اہتمام ہو گا۔ جواد حامد نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کی قیادت، کارکن اور اہل لاہور مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ سرور کونین کی ولادت کے سب سے بڑے پروگرام کے میزبان ہیں۔ سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے مزید کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں کے حوالے سے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور کو روزانہ کی بنیاد رپورٹ دی جارہی ہے۔

International Mawlid un Nabi Conference 2019 Minar e Pakistan Lahore Minhaj ul Quran

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top