احتیاط بھی ضروری ہے، مستحقین کی مدد بھی: خرم نواز گنڈاپور
منہاج ویلفیئر کی طرف سے مزدوروں، مستحقین میں کھانا تقسیم کیا گیا
وباء کے خاتمے تک مدد کا سلسلہ جاری رکھیں گے: نوراللہ صدیقی، جواد حامد
لاہور (4 اپریل 2020) تحریک منہاج القرآن کے فلاحی ادارے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے لاہور میں مختلف معروف شاہراہوں پر سینکڑوں مزدوروں اور مستحقین میں کھانا تقسیم کیا گیا، اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ احتیاط بھی ضروری ہے اور مستحقین کی مدد بھی، اللہ تعالیٰ اس وباء سے جلد سے جلد نجات دے تاکہ معمولات زندگی بحال ہو سکیں۔ کاروباری سرگرمیوں کے معطل ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کروڑوں مزدور مالی مشکلات کا شکار ہیں جس پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری روزانہ کی بنیاد پر فوڈ سپورٹ پروگرام کے متعلق معلومات لے رہے ہیں اور ان کی ہدایات کے مطابق منہاج القرآن کی تنظیمیں ملک بھر میں اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یہ آزمائش کی گھڑی ہے، مختلف ویلفیئر آرگنائزیشن اور مخیرحضرات بڑھ چڑھ کر مستحقین کی مدد کریں، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، سینئر رہنما جواد حامد و دیگر موجود تھے۔
منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے کھانے کے باکس تقسیم کیے، چوراہوں پر موجود پولیس اہلکاروں کو بھی کھانا دیا گیااور فرض شناسی کے ساتھ خدمات انجام دینے پر انہیں مبارکباد دی گئی، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے جن میں منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج فار ویمن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، آغوش آرفن کیئر ہوم کی طرف سے بھی مستحقین کیلئے کھانا اور راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔
تبصرہ