سانحہ ماڈل ٹاون کی چھٹی برسی پر منہاج القرآن فرانس میں قرآن خوانی اور تعزیتی اجلاس

مورخہ: 17 جون 2020ء

مرکز منہاج القرآن فرانس میں سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء کی چھٹی برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں لوگوں نے کرونا وبا کے باعث حفاظتی تدابیر کو بروئے کار لاتے ہوئے شرکت کی۔ ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ حسن میر قادری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے عظیم شہیدوں کی یاد منانے کے لئے حاضر ہونے والو سانحہ ماڈل ٹاون انسانیت کا مسئلہ ہے، ہمارے لئے یہ مسئلہ بہن بھائیوں کی شہادت کا ہے، ہم ایک باغ کے پھول تھے جس میں سو سے زائد کلیاں مسل دی گئیں، درود پڑھنے والوں کے سینے گولیوں سے چھلنی کر دیئے گئے، یہ دکھ کبھی ختم نہیں ہونے والا۔

حسن میر کا کہنا تھا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا انصاف منہاج القرآن کے ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کے ایک ماہ میں انصاف دلوانے کا وعدہ کرنے والے اقتدار میں آکے دوسال سے خاموش کیوں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ریاستیں اور حکومتیں کفر کے ساتھ تو چل سکتی ہیں مگر ظلم کے ساتھ نہیں، ظالم ہر صورت اپنے انجام کو پہنچتا ہے، ظالم کو بچانے والا بھی ظالم ہوتا ہے، مظلوموں کو انصاف دلوانا ہمارا ایمانی، ملی، تحریکی، انسانی فریضہ ہے، ہم سرنڈر نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ جن شہداء نے جانیں دیں اور پھر ظالموں کے خلاف ڈٹ گئے میں ان سب کو سلام پیش کرتے ہیں۔

آخر میں شہداء کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ شرکاء کے لئے کھانے کا بھی خصوصی اہتمام تھا۔ صدر ادارہ راجہ بابر حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ آنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا کے نمائندوں کی آمد کو بھی سراہا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top