معصوم مروہ کے قاتلوں کو عبرتناک سزا دی جائے: منہاج القرآن ویمن لیگ

ننھی کلی کی عصمت دری کر کے زندہ جلانے والے درندے کسی بھی نرمی کے مستحق نہیں، سدرہ کرامت
اندوہناک سانحہ نے پوری قوم کے دلوں کو دکھی اور افسردہ کر دیا ہے
گجرپورہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنے والوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، اجلاس میں مطالبہ
معصوم بچوں اور بچیوں سے روز بروز زیادتی کے بڑھتے واقعات المیہ ہیں
منہاج القرآن ویمن لیگ اور پوری قوم معصوم مروہ کے والدین کے غم میں برابر کی شریک ہے

لاہور (10 ستمبر 2020ء) منہاج القرآن ویمن کی مرکزی ناظمہ سدرہ کرامت نے کہا ہے کہ معصوم بچوں اور بچیوں کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کرنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو مستقبل میں خطرناک رجحانات کی نشاندہی، معاشرتی اقدار کی تباہی اور عذاب الٰہی کو دعوت دینے کے مترادف ہے، پچھلے ایک سال میں اب تک سینکڑوں ایسے دل سوز واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں، والدین بچوں کے گھر سے باہر جانے سے خوفزدہ ہیں، معصوم بچوں اور بچیوں کی عزتیں، جانیں محفوظ نہیں، ایک مسلمان قوم کی حیثیت سے انفرادی اور اجتماعی طور پر ہم نے اصلاح نہ کی تو اللہ نہ کرے ہمارا حشر اس قوم کی طرح ہو گا جس پر آسمان سے پتھروں کی بارش ہوئی اور فرشتوں نے اس بستی کا نام و نشان تک مٹا دیا، کراچی میں کم سن مروہ کے ساتھ انسانیت سوز اور بہیمانہ سلوک نے پوری قوم کو افسردہ اور خوفزدہ کر دیا ہے، معصوم مروہ کو زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کرنے والے کسی بھی طور پر انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ منہاج القرآن ویمن لیگ مطالبہ کرتی ہے کہ قوم کی بیٹی معصوم مروہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے، ننھی کلی کی عصمت دری کر کے زندہ جلانے والے درندے کسی بھی نرمی کے مستحق نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں عائشہ مبشر، کلثوم طفیل، قراۃ العین فاطمہ، انیلہ الیاس، ام حبیبہ اسماعیل، ارشاد اقبال و دیگر خواتین موجود تھیں۔

سدرہ کرامت نے کہا کہ کراچی واقعہ کو پانچ روز گزر گئے انتظامیہ، پولیس کی غفلت اور سستی انتہائی افسوسناک ہے، اندوہناک سانحہ نے پوری قوم کے دلوں کو دکھی اور افسردہ کر دیا ہے، پورے ملک میں آئے روز اس طرح کے ہولناک بڑھتے ہوئے واقعات المیہ ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت ان سانحات کو روکنے کے لئے ٹھوس اور فوری اقدامات کرے، ملوث عناصر کو گرفتار کے نشان عبرت بنایا جائے، ایسے درندوں کو سرعام پھانسی دی جائے تاکہ آئندہ کسی اور گھرانے پر ایسی ہولناک قیامت برپا نہ ہو۔

سدرہ کرامت نے لاہور چائنہ سکیم گجر پورہ میں خاتون سے بچوں کے سامنے زیادتی اور ڈکیتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث عناصر کی بھی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت ساری توجہ لاء اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے پر دے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل فیصل آباد میں ایک معصوم بچے کے ساتھ اسی قسم کا سلوک کیا گیا، راولپنڈی میں معصوم بچی کو بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر دیا گیا، چند سال قبل قصور میں معصوم زینب کے اغواء، زیادتی اور قتل کا واقعہ مہذب معاشرے کے منہ پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ اور پوری قوم معصوم مروہ کے والدین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انصاف کے حصول تک معصوم مروہ کے والدین کے ساتھ ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top