دیانت داری اور راست گوئی قائداعظم رحمۃ اللہ علیہ کی پہچان تھی: ڈاکٹر طاہرالقادری

بانی پاکستان نے ساری زندگی انسانیت کے تحفظ کے لئے قانونی جدوجہد کی
تعلیم یافتہ معاشرے کا قیام بانی پاکستان کا خواب تھا، قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (10 ستمبر 2020) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 72 ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ دیانت داری اور راست گوئی قائداعظم کی پہچان تھی، بانی پاکستان کی ساری زندگی انسانیت کے تحفظ اور محکوم عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے لیے قانونی و سیاسی جدوجہد کرتے ہوئے صرف ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا، منزل کے حصول کے لئے ایک نظریہ دیا جس کی بدولت پاکستان آج دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کی حیثیت سے موجود ہے۔ بانی پاکستان نے ساری زندگی برصغیر کے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، اپنے اور پرائے سبھی ان کی دیانت اور صداقت کے معترف تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج بھی اگر قوم بانی پاکستان محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے نظریہ اور سیاسی فکر پر چلے تو پاکستان ہر نوع کی نااہلی اور بدعنوانی سے پاک ہو جائے گا اور بحرانوں کا شکار یہی ملک ترقی یافتہ، خوشحال اور باوقار ہو جائے گا۔ انہوں نے بانی پاکستان کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top