موٹر وے زیادتی کیس سے پاکستان کا اسلامی تشخص بری طرح مجروح ہوا: ڈاکٹر طاہر القادری

اربوں کھربوں روپے خرچ کئے جانے کے باوجود عوام جان، مال عزت کے تحفظ سے محروم ہیں
واقعہ نے شریف شہریوں کے سر شرم سے جھکا دیے: قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (12 ستمبر 2020ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے موٹروے زیادتی کیس سے پاکستان کا اسلامی تشخص بری طرح مجروح ہوا، واقعہ نے کروڑوں عزت دار خاندانوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور وہ عدم تحفظ اور خوف و ہراس کا شکار ہیں ایسے واقعات کا کسی انسانی معاشرے میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، درندگی کے اس واقعہ سے سوسائٹی میں سرایت کر جانے والی بےحیائی اور بےحسی کی نشاندہی ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں اور درندگی کے اس واقعہ میں ملوث انسان نما جانوروں کو عبرت ناک سزا دی جائے۔ واقعہ نے شریف شہریوں کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں، انھوں نے کہا کہ اربوں کھربوں روپے خرچ کئے جانے کے باوجود عوام جان، مال، جائیداد اور عزت کے تحفظ سے محروم ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو فوری انصاف ملنا چاہیے، وحشیانہ کارروائی میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچا کر نشان عبرت بنایا جائے۔ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top