شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا سجادہ نشین سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر اظہار افسوس

لاہور (18 ستمبر 2020ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف حضرت خواجہ پیر محمد حمید الدین سیالوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت خواجہ پیر حمید الدین سیالوی کی روحانی، دینی خدمات ناقابل فراموش ہیں، سجادہ نشین سیال شریف کے وصال سے عالم اسلام بالخصوص پاکستان ایک روحانی شخصیت، باعمل عالم دین سے محروم ہو گیا ہے، حضرت خواجہ حمیدالدین سیالوی کی رحلت امت مسلمہ، ان کے اہل خانہ اور عقیدت مندوں کے لئے گہرا صدمہ ہے، حضرت خواجہ پیر حمید الدین سیالوی نے ساری زندگی دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کے لئے کام کیا، ان کی وفات سے ملک ایک نیک، صالح بزرگ سے محروم ہو گیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ حضرت خواجہ پیر حمید الدین سیالوی صالح بزرگوں کے روحانی فیض کے امین تھے، ان کی وفات سے ملت اسلامیہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، لواحقین اور عقیدت مندوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔

دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، ناظم اعلیٰ علماء کونسل، علامہ میر محمد آصف اکبر، حافظ غلام فرید و دیگر رہنماؤں نے بھی سجادہ نشین سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ رہنماؤں نے ان کے انتقال پرملال پر ان کے لواحقین، مریدین، معتقدین اور وابستگان سیال شریف کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top